میلاد النبی ﷺ: اتحاد، محبت اور ادب کا پیغام

یاد رکھیں آپ ﷺ سے محبت کا پہلا تقاضا ادب ہے


مظہر عباس August 25, 2026
فوٹو: فائل

جہاں چار لوگ مل بیٹھیں، حضورِ پاک، صاحبِ لولاک، وجہِ کائنات ﷺ کا تذکرہ کریں، سیرتِ طیبہ پر روشنی ڈالیں، نعت سنیں یا سنائیں، حضور ﷺ کی رحمت، آمد اور عطا کے تذکرے ہوں تو یقین کریں، یہی میلاد ہے۔

باقی خواہ کوئی چراغاں کرے، جلوس نکالے، لنگر تقسیم کرے، اپنے اہل و عیال، عزیز و اقارب اور مساکین و فقرا پر خرچ کرے یا درودِ پاک کی محافل سجائے، یہ سب بھی میلاد ہی ہے۔ ہر پھول کی اپنی خوشبو ہے اور ہر کسی کے عشق کا انداز جدا!

اختلافات سے بالاتر ہو کر خوشیاں منائیں

اس مبارک مہینے میں خدارا جھگڑوں، اختلافات اور اپنے آپ کو ٹھیک اور دوسروں کو غلط ثابت کرنے سے باز رہیں۔ اگر کوئی چراغاں نہیں کر رہا یا جلوس کا حامی نہیں، تو ہو سکتا ہے وہ کسی اور انداز میں آقائے دو جہاں ﷺ کی ولادتِ باسعادت کی خوشیاں منا رہا ہو۔

محبت کا پہلا اور دوسرا تقاضا

یاد رکھیں آپ ﷺ سے محبت کا پہلا تقاضا ادب ہے۔ ’ادب پہلا قرینہ ہے محبت کے قرینوں میں‘ ۔ لہذا ادب کا دامن تھامے رکھیں۔

آپ ﷺ سے محبت کا دوسرا تقاضا آپ ﷺ کے امتیوں سے محبت ہے۔ ان کے جان و مال، عزت و آبرو کی حفاظت۔ کہیں ایسا نہ ہو کہ ہم میلاد منا رہے ہوں اور آپ ﷺ کے امتیوں کو تکلیف پہنچ رہی ہو۔ ہمارے قول و فعل اور عمل سے ہمارے مسلمان بھائی محفوظ رہیں۔

حقیقی کامیابی کا راستہ

دنیا و مافیہا سے بیگانہ، باوضو قبلہ رو ہوں، آنکھوں میں آنسو رواں ہوں اور درودِ پاک کے نذرانے اس یقین اور ایمان کے ساتھ پیش کریں کہ آقائے کائنات ﷺ ہمارا درودِ پاک نہ صرف سنتے ہیں بلکہ جواب بھی عطا فرماتے ہیں۔

ایک بار حضور ﷺ نے جواب ارشاد فرما دیا تو ہماری دنیا و آخرت کی کامیابیاں اور کامرانیاں ہمارے قدم چومیں گی۔

فداک ابی و امی یا رسول اللہ!

یہی میلاد کا درس ہے اور میرے خیال سے یہی حقیقی میلاد ہے۔


نوٹ: ایکسپریس نیوز اور اس کی پالیسی کا اس بلاگر کے خیالات سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

اگر آپ بھی ہمارے لیے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو قلم اٹھائیے اور 800 سے 1,200 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بک اور ٹوئٹر آئی ڈیز اور اپنے مختصر مگر جامع تعارف کے ساتھ [email protected] پر ای میل کردیجیے۔

تحریر کردہ
مظہر عباس
مصنف کی آراء اور قارئین کے تبصرے ضروری نہیں کہ ایکسپریس ٹریبیون کے خیالات اور پالیسیوں کی نمائندگی کریں۔