سعودی عرب کا زراعت، شاہراہوں، بجلی سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار

پاک-سعودی مشترکہ بزنس کونسل کے چیئرمین منصور بن محمد کی سربراہی میں سعودی کاروباری وفد نے وزیراعظم سے ملاقات کی


ویب ڈیسک August 25, 2026
فوٹو: پی آئی ڈی

وزیراعظم شہباز شریف سے منصور بن محمد آل سعود کی سربراہی میں سعودی عرب کے کاروباری وفد نے ملاقات کے دوران زراعت، بندرگاہوں، شاہراہوں، ہوائی اڈوں کی آؤٹ سورسنگ، رئیل اسٹیٹ، توانائی، بجلی کی تقسیم اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعظم آفس سے جاری بیان میں کہا گیا کہ وزیراعظم شہباز شریف سے پاک-سعودی مشترکہ بزنس کونسل کے چیئرمین منصور بن محمد آل سعود کی قیادت میں اعلیٰ سطح کے سعودی کاروباری وفد نے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی اور اس دوران وزیراعظم نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان اور ولی عہد و وزیراعظم محمد بن سلمان کے لیے اپنی جانب سے دلی احترام اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے پاکستان اور سعودی عرب کے مابین دیرینہ اور برادرانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے دونوں برادر ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون اور سرمایہ کاری کے فروغ کے مختلف امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔

سعودی وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ولی عہد و وزیراعظم محمد بن سلمان کے وژن کے مطابق پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے اقتصادی تعلقات کو باہمی مفاد پر مبنی اسٹریٹجک اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنے کا خواہاں ہے۔

اس حوالے سے وزیراعظم نے منصور بن محمد آل سعود کے پاکستان کے سابقہ دوروں کا بھی ذکر کیا اور امید ظاہر کی کہ ان کا موجودہ دورہ گزشتہ بات چیت کو آگے بڑھانے اور مختلف شعبوں میں مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط کی راہ ہموار کرے گا۔

منصور بن محمد آل سعود نے زراعت، بندرگاہوں، شاہراہوں، ہوائی اڈوں کی آؤٹ سورسنگ، رئیل اسٹیٹ، توانائی، بجلی کی تقسیم اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع میں دلچسپی کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے ان ترجیحی شعبوں میں سعودی سرمایہ کاری کی دلچسپی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ تعاون، خواہ حکومت سے حکومت یا کاروبار سے کاروبار کے لیے ہو، یہ بہترین اور موزوں ترین وقت ہے۔

بیان میں بتایا گیا کہ منصور بن محمد آل سعود نے پرت پاک استقبال پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان کے ساتھ کاروباری روابط کو مزید گہرا کرنے میں سعودی حکومت اور سعودی کاروباری برادری کی مسلسل دلچسپی کا اعادہ کیا۔

سعودی وفد اپنے دورہ پاکستان کے دوران متعدد اعلیٰ حکومتی نمائندوں اور نجی شعبے کے اہم اسٹیک ہولڈرز سے بھی ملاقاتیں کرے گا۔