کراچی:
شہر قائد کے مختلف علاقوں میں پولیس اور مبینہ ڈاکوؤں کے درمیان 3 الگ الگ مبینہ مقابلوں میں 3 زخمیوں سمیت 6 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔
شرافی گوٹھ پولیس کا ملیر ندی کے قریب مبینہ مقابلہ ہوا جس کے نتیجے میں ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔
چھیپا حکام کے مطابق زخمی ملزم کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کی شناخت محمود کے نام سے ہوئی۔
زمان ٹاؤن پولیس کا کورنگی کراسنگ کے قریب سی بی ایم کالج کے مقام پر مبینہ مقابلہ ہوا جس میں زخمی سمیت 2 ڈاکو گرفتار کیے گئے۔
چھیپا حکام کے مطابق زخمی ملزم رمضان کو جناح اسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ دوسرے گرفتار ملزم جنید کو تھانے منتقل کیا گیا۔
ترجمان کراچی پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے ایک پستول، موبائل فونز، نقد رقم اور موٹرسائیکل برآمد ہوئی۔
دوسری جانب سکھن پولیس کا بھینس کالونی روڈ نمبر 12 پر مبینہ مقابلہ ہوا جس میں زخمی سمیت 3 ڈاکو گرفتار کرلیے گئے۔
چھیپا حکام کے مطابق زخمی ملزم واجد کو جناح اسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ دیگر گرفتار ملزمان زوار اور زاہد کو تھانے منتقل کیا گیا۔
پولیس کے مطابق سکھن پولیس کی کارروائی میں گرفتار ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، موبائل فون، نقد رقم اور موٹرسائیکل بھی برآمد ہوئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی جاری ہے جبکہ مزید تفتیش کی جارہی ہے۔