مراکش کے مڈ فیلڈر پریمیئر لیگ کی تاریخ  کے مہنگے ترین نوعمر کھلاڑی بن گئے

مانچسٹر سٹی نے فرانس کے کلب لِل سے مراکش کے مڈفیلڈر ایوب بوعادی کو 5 سال کے لیے 10 کروڑ یورو میں سائن کرلیا


ویب ڈیسک August 26, 2026

انگلش فٹبال کلب مانچسٹر سٹی نے فرانس کے کلب لِل سے مراکش کے نوجوان مڈفیلڈر ایوب بوعادی کو پانچ سالہ معاہدے پر سائن کرلیا جس کے بعد وہ پریمیئر لیگ کی تاریخ کے سب سے مہنگے نوعمر کھلاڑی بن گئے۔

فرانسیسی کلب لِل کے مطابق ایوب بوعادی کی منتقلی کی فیس 10 کروڑ یورو (تقریباً 8 کروڑ 56 لاکھ پاؤنڈ) ہے جو پریمیئر لیگ میں کسی نوعمر کھلاڑی کے لیے سب سے بڑی رقم ہے۔

ایوب بوعادی نے 2024 میں لِل سے مانچسٹر یونائیٹڈ جانے والے لینا یورو کا ریکارڈ توڑ دیا جن کی منتقلی پر 5 کروڑ 89 لاکھ پاؤنڈ خرچ کیے گئے تھے۔

18 سالہ بوعادی حالیہ ورلڈ کپ میں مراکش کی جانب سے نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں میں شامل تھے۔ مراکش نے کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل کی جہاں اسے فرانس کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

نوجوان کھلاڑی بوعادی نے صرف 16 سال کی عمر میں لِل کی پہلی ٹیم میں جگہ بنائی اور کلب کی جانب سے 96 میچز کھیلے۔