مصر کے ایک صحرا کے بارے میں حیران کن انکشاف ہوا ہے کہ یہ علاقہ لاکھوں سال قبل شارکس اور دیگر سمندری جانداروں کا مسکن رہا ہوگا۔
سائنس دانوں نے مصر کے مغربی صحرا میں واقع ابو طرطور سطح مرتفع سے معدوم ہو جانے والی شارکس کی کم از کم سات اقسام کے فوسلائزڈ دانت دریافت کیے ہیں۔ ماہرین نے اس دریافت کو غیر معمولی قرار دیا ہے۔
شارکس کے یہ دانت دُوی فارمیشن نامی ارضیاتی چٹان کی ایک تہہ سے ملے ہیں۔ ابو طرطور سطح مرتفع قاہرہ کے جنوب مغرب میں واقع ہے اور تقریباً 650 کلومیٹر تک پھیلا ہوا ہموار خطہ ہے۔
آج یہ علاقہ دنیا کے انتہائی خشک خطوں میں شمار ہوتا ہے، جہاں دن کے وقت درجہ حرارت تقریباً 39 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ جاتا ہے اور تقریباً بارش نہیں ہوتی۔
تاہم، قدیم شارکس کے دانتوں کی دریافت سے ظاہر ہوتا ہے کہ موجودہ صحرائی خطہ ماضی بعید میں سمندر کی تہہ کا حصہ تھا، جہاں ایک متنوع سمندری ماحولیاتی نظام موجود تھا۔
محققین کے مطابق یہ دریافت اس خطے کے قدیم جغرافیہ اور یہاں موجود سمندری حیات کی تاریخ کو سمجھنے میں اہم معلومات فراہم کرسکتی ہے۔