کراچی:
امریکی ٹیکنالوجی کمپنی موبیز نے پاکستان میں اپنا ریجنل آفس قائم کردیا۔
چیئرمین ایس ای سی پی ڈاکٹر کبیر احمد سدھو نے موبیز آفس کے قیام کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ موبیز پاکستانی ملکیت میں چلنے والی امریکا کی سلیکون ویلی میں قائم ٹیکنالوجی کمپنی ہے جو دنیا کے مختلف ممالک میں کلاؤڈ، ڈیٹا، مصنوعی ذہانت اور سائبر سیکیورٹی کے شعبوں میں خدمات فراہم کررہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے باصلاحیت نوجوان عالمی آئی ٹی مارکیٹ میں نمایاں کردار ادا کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ عالمی ٹیکنالوجی کمپنیوں کی پاکستان میں توسیع ملکی آئی ٹی ٹیلنٹ پر اعتماد کا اظہار ہے۔ پاکستان کو علاقائی ٹیکنالوجی اور گلوبل سروسز حب بنانے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایس ای سی پی کاروبار میں آسانی کے لیے شفافیت، ڈیجیٹلائزیشن اور ریگولیٹری اصلاحات پر کام کر رہا ہے، جدید ٹیکنالوجی سے کاروباری لاگت اور وقت میں کمی جبکہ شفافیت اور کارکردگی میں اضافہ ممکن ہے۔ پاکستان میں عالمی آئی ٹی کمپنیوں کی سرمایہ کاری سے نوجوانوں کے لیے روزگار اور عالمی سطح پر کام کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
چیئرمین ایس ای سی پی نے موبیز گلوبل کو کراچی آفس کے آغاز پر مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ پاکستان میں مزید توسیع کی حکمت عملی وضع کرے گی۔