تہران: ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے امریکا کی جانب سے نئی اقتصادی پابندیوں کی مہم کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ واشنگٹن معاشی دباؤ کے ذریعے ایران کو اپنے مطالبات ماننے پر مجبور نہیں کرسکتا۔
ایرانی خبر رساں ادارے ISNA کے مطابق مسعود پزشکیان نے کہا کہ امریکا موجودہ مرحلے پر ایران پر اقتصادی دباؤ ڈال کر کوئی کامیابی حاصل نہیں کرسکے گا، جس طرح جنگ کے دوران بھی وہ اپنے مقاصد حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہوا۔
ایرانی صدر نے واضح کیا کہ تہران امریکی معاشی دباؤ کے سامنے جھکنے یا ہتھیار ڈالنے کا ارادہ نہیں رکھتا۔ ان کے مطابق ایران نے ماضی میں بھی مختلف مشکلات اور دباؤ کا مقابلہ کیا ہے اور آئندہ بھی اپنی مزاحمت جاری رکھے گا۔
پزشکیان نے کہا کہ ایران موجودہ حالات میں امریکی پابندیوں اور اقتصادی دباؤ کا مقابلہ کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔ ان کے بقول ایرانی عوام نے مشکل حالات میں ثابت قدمی کا مظاہرہ کیا ہے اور حکومت بھی معاشی دباؤ سے نمٹنے کی کوشش جاری رکھے گی۔
ایرانی صدر کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکا نے ایران کے خلاف اقتصادی دباؤ مزید بڑھانے کے اقدامات کا اعلان کیا ہے۔ واشنگٹن کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد ایران کی آمدنی کے ذرائع اور اقتصادی سرگرمیوں پر دباؤ ڈالنا ہے۔
امریکی پابندیوں کے باعث ایران کو پہلے ہی تیل کی برآمدات، بین الاقوامی تجارت، مالیاتی لین دین اور غیر ملکی سرمایہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں مشکلات کا سامنا رہا ہے۔ تہران مسلسل یہ مؤقف اختیار کرتا رہا ہے کہ امریکا اقتصادی پابندیوں کے ذریعے ایرانی عوام اور حکومت پر دباؤ بڑھانے کی کوشش کررہا ہے۔
مسعود پزشکیان کے تازہ بیان سے واضح ہوتا ہے کہ تہران امریکی اقتصادی دباؤ کے باوجود اپنی پالیسی تبدیل کرنے کے لیے تیار نہیں اور پابندیوں کا مقابلہ کرنے کو اپنی ترجیح قرار دے رہا ہے۔