الجیریا میں جنگلاتی آگ کے باعث 12 افراد ہلاک

کچھ مقامات پر آگ رہائشی علاقوں کے قریب پہنچنے کے باعث لوگوں کو احتیاطی طور پر انخلا کرنا پڑا


ویب ڈیسک August 27, 2026

الجیریا میں شدید گرمی کی لہر کے دوران شمال مشرقی علاقوں میں پھیلنے والی جنگلاتی آگ نے کم از کم 12 افراد کی جان لے لی ہے جبکہ 54 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

الجیریا کے وزیر داخلہ سعید سیود کے مطابق ہلاکتیں تین صوبوں میں ہوئیں: جیجل میں 5، بجایا میں 4 اور تیزی وزو میں 3 افراد ہلاک ہوئے۔

صرف ایک دن میں ملک بھر میں 154 مقامات پر آگ لگنے کی اطلاعات موصول ہوئیں۔ صوبہ بجایا سب سے زیادہ متاثرہ علاقوں میں شامل ہے، جہاں 36 مقامات پر آگ لگی اور ان میں سے 18 پر قابو پانے کی اطلاع دی گئی۔

54 افراد جھلسنے کے باعث زیرِ علاج ہیں، جن میں 6 کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔

شدید متاثرہ علاقوں سے درجنوں خاندانوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔
کچھ مقامات پر آگ رہائشی علاقوں کے قریب پہنچنے کے باعث لوگوں کو احتیاطی طور پر انخلا کرنا پڑا۔

واضح رہے کہ الجیریا شدید گرمی کی لہر کی زد میں ہے۔ خشک موسم، تیز ہواؤں اور بلند درجہ حرارت نے آگ کے پھیلاؤ کو تیز کیا ہے۔ ماہرین کے مطابق موسمیاتی تبدیلی کے باعث شمالی افریقہ میں شدید گرمی اور خشک سالی جیسے حالات جنگلاتی آگ کے خطرے کو مزید بڑھا رہے ہیں۔