ایرانی وزیر خارجہ کا امریکی پابندیوں پر اقوام متحدہ سے کارروائی کا مطالبہ

عباس عراقچی نے امریکی اقدامات کو غیر قانونی، یک طرفہ اور ’دھونس‘ پر مبنی قرار دیا


ویب ڈیسک August 27, 2026

تہران: ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے امریکا کی جانب سے عائد کی جانے والی نئی اقتصادی پابندیوں کے خلاف اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل سے کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

ایرانی خبر رساں ادارے ارنا کے مطابق عباس عراقچی نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کے نام ایک خط ارسال کیا ہے، جس میں انہوں نے امریکا کی تازہ اقتصادی پالیسی اور ایران کے ساتھ تعاون کرنے والے دیگر ممالک کو روکنے کی کوششوں پر شدید اعتراض کیا ہے۔

ایرانی وزیر خارجہ نے خط میں مؤقف اختیار کیا کہ امریکا کی جانب سے ایران پر اقتصادی دباؤ بڑھانا اور دوسرے ممالک کو تہران کے ساتھ تجارت یا تعاون سے روکنے کی کوشش اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی ہے۔

عباس عراقچی نے امریکی اقدامات کو غیر قانونی، یک طرفہ اور ’دھونس‘ پر مبنی قرار دیا۔ ان کے مطابق کسی ملک کو اپنی معاشی اور سیاسی طاقت استعمال کرتے ہوئے دوسرے ممالک پر دباؤ ڈالنے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔

ایرانی وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل پر زور دیا کہ وہ امریکا کے ان اقدامات کو مسترد اور ان کی مذمت کریں۔ انہوں نے عالمی ادارے سے ایران کی خودمختاری اور ریاستوں کے درمیان مساوی حقوق کے اصول کا احترام یقینی بنانے کا بھی مطالبہ کیا۔

عراقچی نے اپنے خط میں ایران کے خلاف امریکی کارروائیوں کے انسانی اور انسانی حقوق کے اثرات کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ان کارروائیوں کے نتیجے میں پیدا ہونے والے انسانی اور انسانی حقوق کے مسائل کا جائزہ لینے کے لیے ایک باقاعدہ رپورٹ تیار کی جائے۔

ایرانی وزیر خارجہ نے مزید مطالبہ کیا کہ ایران کو پہنچنے والے نقصانات کے ازالے کے لیے تلافی یا معاوضے کے اقدامات پر بھی غور کیا جائے۔