کینیڈا میں پاکستانی نژاد خاتون رکن پارلیمنٹ کی گاڑی کو نذر آتش کردیا

کینیڈا میں اسلاموفوبیا واقعات بڑھتے جارہے ہیں


ویب ڈیسک August 28, 2026
پاکستانی نژاد رکن اسمبلی اور ان کے اہل خانہ محفوظ رہے

کینیڈا میں اسلامو فوبیا واقعات میں تیزی سے اضافہ ہوتا جا رہا ہے اور شدت پسند تخریب کاروں سے مسلمانوں کی جان اور املاک کو شدید خطرات لاحق ہوگئے ہیں۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق کینیڈا کے شہر اسکاربورو میں ایک گھر کے ساتھ کھڑی گاڑی پر نامعلوم افراد نے حملہ کردیا اور جاتے جاتے اسے آگ لگا دی۔

پولیس نے بتایا کہ یہ گاڑی کینیڈا کی پاکستانی نژاد خاتون رکنِ پارلیمنٹ سلمیٰ زاہد کی ہے جو ان کے گھر کے باہر کھڑی تھی۔ یہ وقعہ رات ڈیڑھ بجے پیش آیا جب علاقہ سنسان ہوتا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ یہ ایک پُرامن اور محفوظ علاقہ سمجھا جاتا ہے اس کے باوجود اس علاقے میں ایسی کارروائی تشویشناک ہے۔

سلمیٰ زاہد نے میڈیا کو بتایا کہ خوش قسمتی سے حملے وقت میں اور اہل خانہ گھر کے اندر موجود تھے اس لیے سب محفوظ رہے ہیں۔ یہ ناقابل یقین واقعہ ہے۔

رائل کینیڈین ماؤنٹیڈ پولیس نے مقامی پولیس کی مدد سے تفتیش شروع کردی۔ جسے ابتدائی تفتیش میں نفرت پر مبنی جرم قرار دیا جا رہا ہے۔ 

پولیس سی سی ٹی وی فوٹیجز کا جائزہ لے رہی ہے تاہم اب تک ملزمان کا سراغ نہیں لگایا جاسکا ہے۔ تاحال واقعے کے محرک کا بھی اندازہ نہیں لگایا جا سکا۔

مسلم کمیونیٹی نے ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ایسے کینیڈا کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہے۔