ملک میں بجلی کا شارٹ فال بڑھنے سے لاہور سے پنجاب بھر میں بجلی کی لوڈشیڈنگ طویل ہوگئی۔
رپورٹ کے مطابق پنجاب بھر میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے اور لاہور میں شہریوں کا کہنا ہے کہ ہر ایک گھنٹے کے بعد ایک گھنٹے کیلئے بجلی بند کی جارہی ہے۔
ذرائع کے مطابق لیسکو کا شارٹ فال 1200 میگاواٹ سے تجاوز کرگیا ہے اور ملک میں مجموعی بجلی کا شارٹ فال 4 ہزار میگاواٹ سے بڑھ گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دن کے اوقات میں سولر بجلی کی پیداوار کے باعث شارٹ فال نسبتاً کم رہتا ہے اور سولر سے روزانہ تقریباً 7 ہزار میگاواٹ بجلی حاصل ہورہی ہے۔
این ٹی ڈی سی ذرائع کے مطابق متعدد پاور پلانٹس سے بجلی کی پیداوار میں کمی آئی ہے جب کہ آر ایل این جی کا جہاز پورٹ پر نہ پہنچنے کے باعث گیس بحران مزید بڑھنے کا خدشہ ہے۔
ذرائع کے مطابق گیس اور تیل کی بچت کیلئے پاور پلانٹس کو کم صلاحیت پر چلایا جارہا ہے۔