کراچی:
ڈیفنس کے علاقے چھوٹا بخاری کمرشل ایریا میں خواتین کے درمیان جھگڑے کے دوران زخمی ہونے والی خاتون نور العین کی اہم ویڈیو سامنے آگئی۔
ویڈیو میں نور العین کو زخمی اور خوفزدہ حالت میں دیکھا جا سکتا ہے۔ نور العین کا کہنا ہے کہ میری ناک اور منہ سے خون نکل رہا ہے، آنکھ پر بھی زخم ہے، میرے بال نوچ دیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ خیابانِ بخاری کے ایک فلیٹ میں پولیس اہلکاروں کی موجودگی کے دوران دو خواتین کے درمیان جھگڑے کی ویڈیو پہلے ہی منظر عام پر آچکی ہے۔
واقعے کا مقدمہ درخشاں تھانے میں درج کیا گیا تھا، تاہم واقعے سے متعلق مزید تفصیلات اور پولیس کا مؤقف سامنے آنا باقی ہے۔
کراچی: ڈیفنس میں خواتین کا جھگڑا، نئی فوٹیج نے پولیس کے کردار پر سوالات اٹھا دیے
ڈیفنس خیابانِ بخاری کے فلیٹ میں خواتین کے جھگڑے کے معاملے کی نئی فوٹیج سامنے آگئی، واقعے کو 9 روز گزرنے کے باوجود پولیس کی جانب سے تاحال کوئی واضح مؤقف سامنے نہیں آسکا۔
نئی فوٹیج میں پولیس اہلکار ایک نوجوان کو گھسیٹتے ہوئے لے جاتے دکھائی دے رہے ہیں جبکہ موقع پر ایک سرکاری ویگو بھی موجود نظر آ رہی ہے۔
واقعے کے حوالے سے اہم سوال یہ ہے کہ پولیس کو کس نے بلایا تھا اور موقع پر موجود سرکاری ویگو کس کی تھی؟ تاہم پولیس افسران کی جانب سے تاحال ان سوالات کا کوئی واضح جواب سامنے نہیں آیا۔
علاقہ مکینوں کے مطابق واقعہ 9 روز قبل پیش آیا تھا۔ نئی فوٹیج منظر عام پر آنے کے بعد واقعے میں پولیس کی موجودگی اور سرکاری گاڑی کے استعمال سے متعلق مزید سوالات اٹھ گئے۔
پولیس اہلکاروں کی موقع پر موجودگی، نوجوان کو لے جانے اور سرکاری گاڑی کے استعمال کی تفصیلات تاحال سامنے نہیں آسکیں جبکہ خیابانِ بخاری واقعے کے اصل حقائق بھی اب تک واضح نہیں ہوسکے۔