محکمہ صحت سندھ کا ملازمین کی چھٹیوں کے نظام کو آن لائن کرنے کا فیصلہ

کاغذی اور روایتی طریقے سے چھٹی کی درخواستیں جمع کرانے کا نظام ختم کرنے کا اعلان کردیا ہے


اسٹاف رپورٹر August 29, 2026

محکمہ صحت نے افسران و ملازمین کے لیے چھٹیوں کے نظام کو آن لائن کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کاغذی اور روایتی طریقے سے چھٹی کی درخواستیں جمع کرانے کا نظام ختم کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

محکمہ صحت سندھ کی جانب سے جاری ہدایات کے مطابق 31 اگست 2026 سے بی پی ایس 16 سے بی پی ایس 20 تک کے تمام افسران اور ملازمین کے لیے ہر قسم کی چھٹی کی درخواست صرف ہیومن ریسورس مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم (HRMIS) پورٹل کے ذریعے جمع کرانا لازمی ہوگا۔

احکامات کے مطابق مقررہ تاریخ کے بعد کاغذ پر یا روایتی طریقے سے جمع کرائی جانے والی چھٹی کی درخواست قابلِ قبول نہیں ہوگی۔

ملازمین کو چھٹی پر جانے سے قبل HRMIS پورٹل پر درخواست جمع کرانے کے ساتھ اس کی منظوری بھی حاصل کرنا ہوگی۔

محکمہ صحت نے واضح کیا ہے کہ HRMIS پر چھٹی کی درخواست جمع اور منظور کرائے بغیر ڈیوٹی سے غیر حاضر رہنے والے ملازم کی غیر حاضری غیر قانونی تصور کی جائے گی جبکہ HRMIS کے علاوہ کسی دوسرے طریقے سے چھٹی حاصل کرنے کی کوشش پر سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جاسکتی ہے۔

تمام سیکشن افسران کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ چھٹیوں کی درخواستوں پر کارروائی صرف HRMIS پورٹل کے ذریعے کریں اور نئے نظام پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں محکمہ صحت کے مطابق HRMIS پورٹل یا آن لائن چھٹی کی درخواست جمع کرانے میں کسی قسم کی دشواری کی صورت میں فوکل پرسن ڈاکٹر اللہ بخش مشتاق، چیف ٹیکنیکل آفیسر (بی پی ایس 19) سے رابطہ کیا جاسکتا ہے۔

محکمہ صحت نے تکنیکی معاونت کے لیے ای میل [email protected] جاری کی ہے۔افسران و ملازمین HRMIS پورٹل کے ذریعے چھٹی کی درخواستیں جمع کراسکیں گے، جس کے لیے محکمہ صحت سندھ کی جانب سے آن لائن پورٹل دستیاب ہے۔