بھارت کی جیلوں میں قید 25 پاکستانی وطن واپس پہنچ گئے

یکم جولائی 2026 کی فہرستوں کے مطابق بھارت میں 439 پاکستانی اور بھارت کے 250 قیدی پاکستانی جیلوں میں موجود ہیں


آصف محمود August 29, 2026
فوٹو: ایکسپریس نیوز

بھارت کی جیلوں سے رہا ہونے والے 25 پاکستانی شہری واہگہ-اٹاری سرحد کے ذریعے وطن واپس پہنچ گئے، بھارت میں پاکستانی ہائی کمیشن کے حکام نے سرحد پر ان کی وطن واپسی کے عمل میں سہولت فراہم کی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق بھارت کی جیلوں سے رہائی کے بعد جیسے ہی پاکستانی شہریوں نے واہگہ-اٹاری سرحد عبور کرکے اپنے ملک کی سرزمین پر قدم رکھا، کئی افراد آبدیدہ ہوگئے، وطن واپسی کی خوشی میں بعض شہریوں نے اللہ کے حضور سجدہ شکر بھی ادا کیا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بھارت سے واپس آنے والے پاکستانی شہریوں سے معمول کی تفتیش اور ضروری کارروائی مکمل کی جائے گی، جس کے بعد انہیں ان کے اہل خانہ کے حوالے کردیا جائے گا، پاکستان ہائی کمیشن کے حکام بھی سرحد پر موجود تھے اور انہوں نے پاکستانی شہریوں کی وطن واپسی کے عمل میں سہولت فراہم کی۔

نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن نے آگاہ کیا کہ بھارت کی جیلوں میں قید دیگر پاکستانی شہریوں کی رہائی اور وطن واپسی کے لیے بھی کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔

واضح رہے کہ دونوں ممالک کے درمیان یکم جولائی 2026 کو قیدیوں کی فہرستوں کے تبادلے کے مطابق بھارت نے اپنی جیلوں میں موجود 439 پاکستانی یا پاکستانی تصور کیے جانے والے قیدیوں کی فہرست پاکستان کے حوالے کی تھی، جن میں 386 سول قیدی اور 53 ماہی گیر شامل تھے۔

اسی طرح پاکستان نے اپنی جیلوں میں موجود 250 بھارتی یا بھارتی تصور کیے جانے والے قیدیوں کی فہرست بھارت کے حوالے کی تھی، جن میں 52 سول قیدی اور 198 ماہی گیر شامل ہیں۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان قونصلر رسائی کے معاہدے کے تحت دونوں ممالک ہر سال یکم جنوری اور یکم جولائی کو ایک دوسرے کی جیلوں میں موجود قیدیوں کی فہرستوں کا تبادلہ کرتے ہیں۔