کراچی، فلیٹ کا تالا کاٹ کر 3 لاکھ نقدی اور سونا چوری، ملزم کی فوٹیج سامنے آگئی

کرائم سین یونٹ موقع پر پہنچ گیا ہے اور شواہد اکٹھے کیے جارہے ہیں



کراچی:

شہر قائد کے علاقے فیڈرل بی ایریا النور سوسائٹی بلاک 18 میں نامعلوم ملزم فلیٹ کا تالا کاٹ کر اندر داخل ہوا اور الماری میں رکھی 3 لاکھ روپے نقدی، سونے کی چین اور انگوٹھی چوری کرکے فرار ہوگیا۔ 

پولیس کے مطابق واقعہ سمن آباد تھانے کی حدود میں پیش آیا۔ اس حوالے سے ہیڈ محرر عمران نے بتایا کہ ابتدائی تفتیش میں معلوم۔ہوا ہے کہ ملزم نے فلیٹ میں داخل ہونے کے بعد کمرے کی الماری سے نقدی اور طلائی زیورات نکالے اور تقریباً 10 منٹ تک واردات کرنے کے بعد موقع سے فرار ہوگیا۔

ایکسپریس نیوز کو واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج موصول ہو گئی ہیں جس میں ملزم کو اکیلے عمارت میں داخل ہوتے اور کچھ دیر بعد فلیٹ سے باہر نکلتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

انکے مطابق فوٹیج میں ملزم کا چہرہ اور حلیہ محفوظ ہوگیا ہے جس کی مدد سے اس کی شناخت کی کوشش کی جارہی ہے۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر کرائم سین یونٹ موقع پر پہنچ گیا اور جائے وقوع سے اہم شواہد اکٹھے کیے گئے۔

پولیس نے ملزم کی شناخت اور گرفتاری کے لیے اطراف میں نصب دیگر سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیجز بھی حاصل کرنا شروع کردی ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔