KHATMANDU:
نیپال میں بدھ کو آنے والے اچانک اور شدید سیلاب نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی تھی مقامی حکام کے مطابق کم از کم 675 افراد جاں بحق جبکہ 2 ہزار 400 سے زائد افراد لاپتا ہیں۔
نیپال اور تبت کی سرحد پر ریسکیو کارروائیاں تاحال جاری ہیں نیپال ٹورازم بورڈ کے مطابق لاپتا افراد میں 320 غیر ملکی شہری بھی شامل ہیں۔
چین کے سرکاری میڈیا کے مطابق تبت میں مٹی کے تودے اور سیلاب کے نتیجے میں 16 افراد ہلاک جبکہ 546 افراد لاپتا ہیں۔ چینی حکام کے مطابق لاپتا افراد میں 23 ممالک کے 261 غیر ملکی شہری شامل ہیں۔

چینی سرکاری نشریاتی ادارے سی سی ٹی وی کے مطابق تبت میں لاپتا غیر ملکیوں میں 15 برطانوی، 104 نیپالی، 49 بھارتی، 18 امریکی، 33 لیٹوین، 6 کینیڈین، 6 آسٹریلوی، 4 جنوبی افریقی، 3 ملائیشین، 3 جرمن، 3 روسی، 2 آئرش، 2 اسٹونین، 2 فرانسیسی، 2 ڈچ، 2 نیوزی لینڈ کے شہری جبکہ فن لینڈ، لیتھوانیا، پرتگال، یوکرین، اسپین اور ہنگری کا ایک، ایک شہری شامل ہے۔
چینی حکام نے لاپتا غیر ملکی شہریوں کے متعلق ان کے متعلقہ ممالک کے سفارت خانوں اور قونصل خانوں کو اطلاع دے دی ہے۔

نیپالی حکام پہلے ہی 33 برطانوی شہریوں کے لاپتا ہونے کی اطلاع دے چکے ہیں تاہم یہ واضح نہیں کہ چین کی جانب سے رپورٹ کیے گئے 15 برطانوی شہری ان ہی افراد میں شامل ہیں یا نہیں۔
چینی حکام کے مطابق لاپتا افراد کے اعداد و شمار مختلف سرکاری اداروں کی مشترکہ تحقیقات اور تعاون کے بعد مرتب کیے گئے ہیں جن میں خارجہ امور، پبلک سکیورٹی، ثقافت و سیاحت اور ایمرجنسی مینجمنٹ کے ادارے شامل ہیں۔
سی سی ٹی وی کے مطابق ہفتے کو مقامی وقت شام 6 بجے تک شیگاتسے شہر کے گیئرونگ کاؤنٹی میں مٹی کے تودے گرنے سے 16 افراد ہلاک اور 546 لاپتا تھے جبکہ اس سے قبل ہلاکتوں کی تعداد 7 بتائی گئی تھی۔

گیئرونگ کاؤنٹی میں حکام نے بتایا کہ مٹی کے تودے گرنے سے گیئرونگ بارڈر پورٹ پر بڑے پیمانے پر جانی نقصان ہوا ہے۔
دوسری جانب نیپال کی نیشنل ڈیزاسٹر رسک ریڈکشن اینڈ مینجمنٹ اتھارٹی نے بھوٹے کوشی دریا کے قریب سیلابی سطح میں اضافے کی اطلاع دی ہے۔ حکام نے دریا کے اطراف رہنے والے افراد کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔
واضح رہے کہ بدھ کو طاقتور سیلابی ریلے اور ملبہ شمالی نیپال کے سیاحتی اور مذہبی شہروں سے گزرا تھا۔ سیلاب کے بعد بننے والی ایک جھیل کی سطح میں بھی اب کمی آنا شروع ہوگئی ہے جس کے باعث اس کے پھٹنے اور مزید تباہی کے خدشات کم ہوئے ہیں۔

امریکا نے سیلاب متاثرین کے لیے 3.6 ملین ڈالر کی انسانی امداد فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے جس میں 10 ہزار متاثرہ خاندانوں کو 3 ماہ تک ہنگامی خوراک کی فراہمی بھی شامل ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق نیپال اور چین میں امریکی سفارت خانے امریکی شہریوں کی مدد اور امدادی کارروائیوں میں تعاون کے لیے مقامی حکام سے رابطے میں ہیں۔