یو ایس اوپن کی تاریخ کا بڑا اپ سیٹ شکست، نوواک جوکووچ پہلے راؤنڈ میں ہی باہر

نوواک جوکووچ کا کہنا تھا کہ جسمانی مسائل کے باعث اپنا بہترین کھیل پیش نہ کر سکا


اسپورٹس ڈیسک August 31, 2026

ٹینس کے عظیم کھلاڑی نوواک جوکووچ کو یو ایس اوپن کے پہلے ہی راؤنڈ میں نوجوان حریف ماریانو ناوونے کے ہاتھوں حیران کن شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

24 گرینڈ سلیم جیتنے والے 39 سالہ سرب کھلاڑی چار گھنٹے 36 منٹ جاری رہنے والے سخت مقابلے میں 6-7، 7-5، 6-4، 2-6 اور 1-6 سے ہار گئے۔

یہ جوکووچ کے کیریئر کا کسی گرینڈ سلیم میں طویل ترین ابتدائی راؤنڈ مقابلہ تھا جبکہ دو دہائیوں بعد پہلی مرتبہ وہ کسی گرینڈ سلیم کے پہلے راؤنڈ سے باہر ہوئے ہیں۔ یو ایس اوپن کے افتتاحی راؤنڈ میں یہ ان کی پہلی شکست ہے۔

مقابلے کے دوران جوکووچ جسمانی مشکلات سے دوچار دکھائی دیے۔ وہ ایک موقع پر الٹی کرتے نظر آئے، جبکہ بعد میں بائیں پاؤں میں کھنچاؤ کے باعث تکلیف میں مبتلا ہوئے۔

ڈاکٹر سے دوا لینے کے علاوہ میڈیکل ٹائم آؤٹ کے دوران ان کی کمر پر مساج بھی کیا گیا۔

جوکووچ نے میچ میں 70 غیر ضروری غلطیاں کیں۔ شکست کے بعد ان کا کہنا تھا کہ جسمانی مسائل کے باعث وہ اپنا بہترین کھیل پیش نہ کر سکے اور آخر میں کمر اور کندھے کی تکلیف نے انہیں مزید مشکلات میں مبتلا کر دیا۔