ٹرمپ نے وینزویلا کی تیل کی ذخائر کے امریکی عوام کیلئے تحفہ قرار دے دیا

امریکی اسٹریٹجک پٹرولیم ریزرو میں اس وقت تقریباً 290 ملین بیرل تیل موجود ہے


ویب ڈیسک August 31, 2026

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ امریکا وینزویلا سے حاصل ہونے والا تیل اپنی اسٹریٹجک پٹرولیم ریزرو کو دوبارہ بھرنے کے لیے استعمال کرے گا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹرمپ نے کہا کہ امریکی اسٹریٹجک ذخائر میں تیل بھرنے کا عمل جلد شروع کیا جائے گا۔

انہوں نے وینزویلا سے ملنے والے تیل کو امریکی عوام کے لیے "تحفہ" قرار دیا۔ امریکی اسٹریٹجک پٹرولیم ریزرو میں اس وقت تقریباً 290 ملین بیرل تیل موجود ہے، جو اس کی تقریباً 714 ملین بیرل گنجائش کے نصف سے بھی کم ہے اور 1982 کے بعد کم ترین سطح کے قریب ہے۔

یہ اعلان امریکا اور وینزویلا کے درمیان حالیہ بڑے تیل معاہدے کے بعد سامنے آیا ہے، جس کے تحت امریکا کو وینزویلا کے 65 ارب بیرل سے زیادہ ثابت شدہ تیل کے ذخائر تک وسیع رسائی/کنٹرول حاصل ہوگا۔

واضح رہے کہ اس کا مطلب یہ نہیں کہ وینزویلا کا سارا تیل فوراً امریکی ذخائر میں پہنچ جائے گا۔ وینزویلا کی تیل کی صنعت کو پیداوار بڑھانے اور بنیادی ڈھانچے کی بحالی کے لیے بڑی سرمایہ کاری درکار ہے جو امریکہ فراہم کرے گا۔