معروف امریکی گلوکارہ بلی آئلش کے بھائی اور موسیقار فنیاس اوکونل اپنی دیرینہ گرل فرینڈ، یوٹیوبر و اداکارہ کلاڈیا سولیوسکی کے ساتھ رشتۂ ازدواج میں منسلک ہو گئے۔
شادی کی تقریب ہفتے کے روز امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر سانتا باربرا میں واقع سان یسیدرو رینچ میں منعقد ہوئی جس میں شوبز کی متعدد معروف شخصیات نے شرکت کی۔
تقریب کی خاص بات یہ رہی کہ بلی آئلش نے اپنے بھائی کی شادی کی تقریب کی کارروائی انجام دی۔ شادی میں جسٹن بیبر اور ان کی اہلیہ ہیلی بیبر، کرسٹن بیل، نینا ڈوبریو، ایما چیمبرلین اور دیگر معروف شخصیات بھی شریک ہوئیں۔
شادی سے قبل ملبوسات کی فٹنگ کے دوران بلی آئلش نے اپنی ہونے والی بھابھی کو عروسی لباس میں دیکھ کر جذباتی ردعمل دیتے ہوئے انہیں ’فرشتے جیسا خوبصورت‘ قرار دیا۔
واضح رہے کہ 29 سالہ فنیاس اوکونل اور 30 سالہ کلاڈیا سولیوسکی کی پہلی ملاقات 2018 میں ایک ڈیٹنگ ایپ کے ذریعے ہوئی تھی۔ فنیاس نے پہلی ملاقات کے چند گھنٹوں بعد ہی کلاڈیا سے متاثر ہو کر ان کے نام سے گانا ’کلوڈیا‘ لکھا تھا۔