اسلام آباد:
لانڈھی مانسہرہ کالونی میں گھریلو تنازع پر چچا نے فائرنگ کرکے بھتیجے کو قتل کردیا۔
تفصیلات کے مطابق پیر کو شرافی گوٹھ تھانے کے علاقے لانڈھی مانسہرہ کالونی جونا بریانی کے قریب گھریلو جھگڑے کے دوران فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا، واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور جائے وقوعہ سے شواہد جمع کرنے کے لیے کرائم سین یونٹ کو طلب کرلیا، لاش قانونی کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کی گئی۔
مقتول کی شناخت 35 سالہ یاسر ولد محمد عرفان کے نام سے کی گئی جس کا آبائی تعلق ہری پور ہزارہ سے تھا، مقتول 2 روز قبل میت میں شرکت کیلئے گاؤں سے کراچی پہنچا تھا، ایس ایچ او شرافی گوٹھ شاہد تاج کے مطابق مقتول یاسرکواس کے چچا رشید نے گھریلو تنازع پر فائرنگ کرکے قتل کیا ہے، فائرنگ کے واقعے کے بعد چچا رشید موقع سے فرار ہو گیا۔
انہوں نے بتایا کہ مقتول یاسر کواس کے چچا نے رشتہ کے تنازع پر کراچی آنے سے منع کیا تھا لیکن دوروز قبل مقتول یاسر ایک میت میں شرکت کے لیے کراچی پہنچا تھا اوردو روز کے بعد چچا رشید نے اسے فائرنگ کرکے قتل کردیا۔
انہوں نے بتایا کہ ملزم چچا کی جانب سے تین سے چار فائر گئے لیکن بظاہر معلوم ہوتا ہے کہ مقتول کو ایک ہی گولی سینے پر لگی جو جان لیوا ثابت ہوئی، پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرلیے ہیں جبکہ عینی شاہدین کے بیانات بھی قلمبند کیے جا رہے ہیں، ملزم چچا کی گرفتاری کے لیے کوشش کی جا رہی ہے۔