کوئٹہ:
چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے پیر کے روز بلوچستان ہائیکورٹ میں نئے تعمیر شدہ سہولت مرکز کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔
افتتاحی تقریب میں چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ جسٹس محمد کامران خان ملاخیل، سپریم کورٹ اور بلوچستان ہائیکورٹ کے ججز، سینئر وکلاء اور عدالتی افسران نے شرکت کی۔ چیف جسٹس پاکستان نے سہولت مرکز کے مختلف شعبوں کا تفصیلی دورہ کیا اور وہاں فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔
بعد ازاں افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا کہ بلوچستان آنا ان کے لیے ہمیشہ خوشی کا باعث ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نئے سہولت مرکز کے قیام کا بنیادی مقصد سائلین اور وکلاء کو ایک ہی جگہ پر فوری، آسان اور مؤثر خدمات فراہم کرنا ہے۔ اس مرکز کے ذریعے عدالتی امور میں سہولت پیدا ہوگی اور انصاف کی فراہمی کے عمل کو مزید تیز اور مؤثر بنانے میں مدد ملے گی۔
چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ اس نوعیت کے سہولت مراکز بلوچستان کے ہر ضلع اور ہر تحصیل تک قائم کیے جائیں تاکہ دور دراز علاقوں سے تعلق رکھنے والے شہریوں کو بھی عدالتی سہولیات تک آسان رسائی حاصل ہوسکے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ جسٹس فنڈز قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس عزم کا اظہار کیا کہ ملک بھر کے ڈسٹرکٹس میں اس نوعیت کے سہولت مراکز کے قیام کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔
تقریب کے دوران چیف جسٹس پاکستان نے 8 اگست کے شہداء کو بھی خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کی قربانیوں اور جدوجہد کو آگے بڑھانا ہی انہیں خراج تحسین پیش کرنے کا بہترین طریقہ ہے۔
نئے سہولت مرکز کے قیام سے سائلین اور وکلاء کو ایک ہی مقام پر فائلنگ، تصدیق شدہ نقول، معلومات اور دیگر ضروری عدالتی خدمات فراہم کی جائیں گی، جس سے نہ صرف وقت اور اخراجات میں کمی آئے گی بلکہ عدالتی امور کی انجام دہی بھی مزید آسان اور مؤثر ہوگی۔
عدلیہ کی جانب سے سہولت مرکز کے قیام کو عوام کو بروقت اور آسان انصاف کی فراہمی کی جانب ایک اہم اور مثبت پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔