کراچی:
شہر قائد کے مختلف علاقوں میں ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں اہل سنت والجماعت کا کارکن اور بزرگ اسٹیٹ ایجنٹ جاں بحق ہوگیا جبکہ اورنگی ٹاؤن میں تیز دھار آلے کے وار سے ایک شخص جان سے چلا گیا۔
ترجمان اہلسنت والجماعت نے کارکن کی ٹارگٹ کلنگ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق نیو کراچی صنعتی ایریا کے علاقے سیکٹر الیون ایف میں موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے 35 سالہ سلمان شدید زخمی ہوگیا جسے انتہائی تشویشناک حالت میں آغا خان اسپتال لیجایا گیا جہاں وہ دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی نفری موقع پر پہنچ گئی اور فوری طور پر کرائم سین یونٹ کو طلب کر کے جائے وقوعہ سے شواہد حاصل کیے گئے جبکہ علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد جائے وقوعہ پر جمع ہوگئی۔
ایس ایچ او زاہد لودھی نے بتایا کہ واقعہ ٹارگٹ کلنگ ہے جس میں موٹر سائیکل سوار 2 ملزمان نے گھر کے باہر سلمان کو فائرنگ کا نشانہ بنایا جو کہ چیس کا اسٹال لگتا ہے۔
پولیس کو جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم پستول کے 4 خول ملے ہیں جبکہ پولیس جائے وقوعہ اور ملزمان کے فرار کے راستوں کی سی سی ٹی وی فوٹیجز حاصل کر رہی ہے۔
واقعے سے متعلق ترجمان اہلسنت والجماعت کی جانب سے جاری اعلامیئے کے مطابق دہشت گردوں کی فائرنگ سے اہلسنت والجماعت شہید کارکن سلمان کے قاتلوں کا سراغ لگا کر انھیں قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔
اہلسنت والجماعت فائرنگ کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے ، ایک بار پھر شہر کو دہشت گردوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ، حکومت و انتظامیہ دہشت گردوں کے خلاف مؤثر کارروائی کرے ، شہریوں اور کارکنان کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے۔
دوسری جانب گلشن اقبال بلاک 10 میں فائرنگ سے بزرگ شہری جاں بحق ہوگیا جس کی لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال لیجائی گئی۔
ایس ایچ او عزیز بھٹی انصر بٹ نے بتایا کہ مقتول کی شناخت 64 سالہ اورنگزیب کے نام سے کی گئی جو کہ اسٹیٹ ایجنٹ تھا اور وہ جیسے ہی موٹر سائیکل پر اسٹیٹ ایجنسی سے اپنی رہائش گاہ پہنچا تو تعاقب میں آنے والے موٹر سائیکل سوار ملزمان نے اسے ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنا کر قتل کر دیا۔
مقتول کو سر پر گولی ماری گئی تھی جبکہ مقتول کے قبضے سے بھی پستول ملا ہے ، پولیس کو جائے وقوعہ سے 30 بور پستول کے 2 خول ملے ہیں جبکہ ابتدائی تحقیقات میں واقعہ زاتی رنجش کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے۔
تاہم پولیس اہلخانہ سے مزید معلومات حاصل کرتے ہوئے جائے وقوعہ سے سی سی ٹی وی فوٹیجز حاصل کر رہی ہے تاکہ ملزمان کی شناخت میں مدد مل سکے۔
دریں اثنا اورنگی ٹاؤن ملک چوک کے قریب تیز دھار آلے کے وار سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا جس کی لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال لیجائی گئی۔
مومن آباد پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول کی شناخت 27 سالہ عدنان کے نام سے کی گئی جبکہ ابتدائی معلومات کے مطابق واقعہ زاتی جھگڑے کے دوران پیش آیا ہے جس کی پولیس مزید معلومات حاصل کر رہی ہے ۔