میکسیکو میں امریکا سے اسمگل ہونے والے ہتھیار پکڑے گئے، 3 افراد گرفتار

حکام کے مطابق صدر کلاڈیا شین بام کی حکومت میں اب تک ضبط کیے گئے ہتھیاروں کی مجموعی تعداد 30 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے


ویب ڈیسک September 01, 2026

میکسیکو کے حکام نے ریاست نیوو لیون میں ایک ہائی وے آپریشن کے دوران 210 آتشیں ہتھیار قبضے میں لے کر تین افراد کو گرفتار کرلیا۔ حکام کے مطابق یہ ہتھیار امریکی ریاست ٹیکساس سے میکسیکو اسمگل کیے جارہے تھے۔

یہ کارروائی سبیناس ہیدالگو کے قریب Nuevo Laredo-Monterrey ہائی وے پر کی گئی۔ فیڈرل اٹارنی جنرل کے دفتر کی کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے وزارتِ دفاع، بحریہ، سکیورٹی اداروں اور نیشنل گارڈ کے تعاون سے کارروائی انجام دی۔

میکسیکو کے سکیورٹی سیکریٹری عمر گارسیا ہارفچ کے مطابق گرفتار افراد مبینہ طور پر ہتھیار ٹیکساس سے میکسیکو لاکر انہیں جرائم پیشہ گروہوں تک پہنچانے کی کوشش کر رہے تھے۔ برآمد ہونے والے اسلحے میں 195 رائفلیں اور 15 پستول شامل ہیں جبکہ گولہ بارود کے میگزین بھی قبضے میں لیے گئے۔

حکام کے مطابق صدر کلاڈیا شین بام کی حکومت کے دوران اب تک ضبط کیے گئے ہتھیاروں کی مجموعی تعداد 30 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔

تازہ کارروائی کو میکسیکو میں جرائم پیشہ گروہوں تک غیر قانونی اسلحے کی رسد روکنے کی کوششوں کا حصہ قرار دیا جا رہا ہے۔