کراچی: ملیر کے علاقے سکھن میں ڈاکوؤں کی دیدہ دلیری، اسٹور میں گھس کر درجنوں افراد کو لوٹ لیا

  10 سے زائد مسلح ڈاکوؤں نے دکان اور وہاں موجود تقریباً 25 افراد کو لوٹا اور واردات کے بعد فرار ہوگئے


اسٹاف رپورٹر September 01, 2026
(فوٹو: فائل)

کراچی:

ڈسٹرکٹ ملیر کے علاقے سکھن بھینس کالونی روڈ نمبر 5 پر ڈاکوؤں کا ٹولہ دیدا دلیری کے ساتھ اسٹور میں گھس کر لوٹ مار کی وادات میں درجنوں افراد کو لوٹ کر فرار ہوگیا۔

اس حوالے سے ڈیری اینڈ کیٹل فارمرز ایسوسی ایشن کے صدر شاکر عمر گجر نے بتایا کہ 30 اگست اتوار کی شام مصطفیٰ جنرل اینڈ میڈیکل اسٹور پر ڈکیتی کی بڑی واردات ہوئی ہے۔

 انہوں ںے بتایا کہ 10 سے زائد مسلح ڈاکوؤں نے دکان اور وہاں موجود تقریباً 25 افراد کو لوٹا اور واردات کے بعد فرار ہوگئے ، واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آئی ہے جس میں ڈاکو انتہائی دلیری کے ساتھ لوٹ مار کرتے ہوئے دکھائی دیے ہیں جبکہ کچھ روز قبل سکھن تھانے میں 100 کیمروں پر مشتمل کمانڈ اینڈ کنٹرول روم کا بھی افتتاح کیا گیا تھا۔

 تاہم ڈسٹرکٹ ملیر میں لاقانونیت کے باعث جرائم پیشہ عناصر آزادنہ وارداتیں کر رہے ہیں جس سے بخونی اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ انہیں نہ تو پولیس کا کوئی ڈر ہے اور نہ ہی سی سی ٹی وی کیمروں کا خوف ہے۔