لکی مروت؛ پولیس اور سی ٹی ڈی کا انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن، 2 خوارج ہلاک

ایک دہشتگرد قتل، اقدامِ قتل، دہشتگردی اور بم دھماکوں کے 4 مختلف مقدمات میں انتہائی مطلوب تھا


ویب ڈیسک September 01, 2026

لکی مروت:

ضلع لکی مروت کے علاقہ شاہ حسن خیل (تھانہ سٹی کی حدود) میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ایک بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے دو خوارجی دہشتگردوں کو جہنم واصل کر دیا۔

یہ کامیاب کارروائی پولیس اور سی ٹی ڈی کی جانب سے مشترکہ طور پر رات کے اوقات میں ٹارگٹڈ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران عمل میں لائی گئی۔

آپریشن کی قیادت ڈی ایس پی لکی مروت نے کی جبکہ اس میں ایس ایچ او سٹی، سی ٹی ڈی اور ولیج کونسل بیگو خیل کی مقامی امن کمیٹی کے اراکین نے بھی بھرپور شرکت کی۔ کارروائی کے دوران پولیس پارٹی کی جوابی اور مؤثر کارروائی کے نتیجے میں 2 دہشتگرد مارے گئے۔

ابتدائی شناخت کے عمل کے دوران ہلاک ہونے والے ایک دہشتگرد کی شناخت مبشر ولد اسلم خان کے نام سے ہوئی ہے۔ مذکورہ دہشتگرد ریاست مخالف سرگرمیوں اور دہشتگردی کے متعدد سنگین مقدمات میں سی ٹی ڈی بنوں کو مطلوب تھا جبکہ دوسرے ہلاک ہونے والے دہشتگرد کی شناخت کا عمل تاحال جاری ہے۔

انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے خطرناک دہشتگردوں اور امن دشمن عناصر کا خاتمہ کرنے پر لکی مروت پولیس اور سی ٹی ڈی کی ٹیم کو شاباش دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان کے دیرپا قیام کیلئے دہشتگردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پرعزم ہیں۔