عاقب جاوید کو بھی نکالو، سعید اجمل قومی ٹیم میں اکھاڑ پچھاڑ پر شدید برہم

سرفراز کو تو کوچنگ سے ہٹادیا لیکن مائیک ہیسن کا آپ کیوں ماتھا چوم رہے ہیں؟ سابق کرکٹر


ویب ڈیسک September 02, 2026

سابق قومی کرکٹر سعید اجمل نے پی سی بی کے ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس اور سلیکشن کمیٹی کے رکن عاقب جاوید کو بھی عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ کردیا۔

پاکستان کے سابق اسپنر سعید اجمل نے قومی کرکٹ ٹیم میں حالیہ بڑے پیمانے پر تبدیلیوں اور انتظامی فیصلوں پر سخت ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا پاکستان کا مذاق اڑا رہی ہے کہ میچ ختم ہوتے ہی کھلاڑیوں کو واپس بھیج دیا جاتا ہے جو ایک غیر سنجیدہ طریقہ کار ہے۔

سعید اجمل کے مطابق سیریز کے دوران ٹیم، کوچنگ اسٹاف اور سلیکشن کمیٹی میں اتنی بڑی تبدیلیاں سمجھ سے بالاتر ہیں اور ایسے فیصلے ٹور کے بعد کیے جانے چاہئے تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر امام الحق سے کوئی غلطی ثابت ہوتی ہے تو اسے سخت سزا ملنی چاہیے تاکہ دوسرے کھلاڑیوں کے لیے مثال قائم ہو سکے۔

اپنے ویڈیو پیغام میں انہوں نے سلیکشن کمیٹی کے رکن عاقب جاوید کو بھی عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ کیا۔ سرفراز کو تو کوچنگ سے ہٹادیا لیکن مائیک ہیسن کا آپ ماتھا چوم رہے ہیں، مائیک ہیسن نے وائٹ بال میں کیا رزلٹ دیے ہیں؟۔

واضح رہے کہ انگلینڈ کے خلاف پہلے دو ٹیسٹ میچوں میں شکست کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے تیسرے ٹیسٹ سے قبل بڑے پیمانے پر تبدیلیاں کرتے ہوئے سات کھلاڑیوں کو ریلیز کیا اور ہیڈ کوچ سرفراز احمد سمیت بولنگ کوچ عمر گل کو بھی عہدوں سے فارغ کر دیا ہے۔