پاکستان کرکٹ ٹیم اور چیئرمین پی سی بی نے برطانیہ کے بادشاہ چارلس سے ملاقات کی، یہ ملاقات شاہی خاندان کی تاریخی رہائش گاہ کلیئرنس ہاؤس میں ہوئی۔
تقریب کے دوران بادشاہ چارلس نے پاکستانی کھلاڑیوں اور ٹیم آفیشلز سے گفتگو کی جبکہ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی بھی اس موقع پر موجود تھے۔
بادشاہ چارلس نے محسن نقوی سے کرکٹ اور پاکستان میں انسدادِ دہشت گردی سمیت امن و امان کی صورتحال پر گفتگو کی۔ ملاقات میں پاکستان میں امن کے قیام اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے کی جانے والی کوششوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر برطانوی ہائی کمشنر نے بادشاہ چارلس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں امن کے لیے پاکستان اور محسن نقوی نے اہم کردار ادا کیا ہے۔
ملاقات کے بعد محسن نقوی نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بادشاہ چارلس سے ملاقات انتہائی مفید رہی۔ انہوں نے پاکستانی کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی اور امن کے لیے پاکستان کی کاوشوں کو سراہا۔
بادشاہ چارلس سے ملاقات کے بعد وزیر داخلہ و چیئرمین پی سی بی محسن نقوی برطانیہ سے وطن واپسی کے لیے روانہ ہوگئے۔