کراچی، شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس مقابلے، 11 زخمیوں سمیت 13 ملزمان گرفتار، 4 فرار

زخمی ملزمان کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا


محمد شاہ میر خان September 03, 2026
فوٹو: فائل

کراچی:

شہر قائد کے مختلف علاقوں میں پولیس اور اسٹریٹ کرمنلز کے درمیان 6 مبینہ مقابلوں میں 11 زخمیوں سمیت 13 ملزمان گرفتار کرلیے گئے جبکہ 4 ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

پولیس نے گرفتار ملزمان کے قبضے سے پستول، گولیاں، موبائل فونز، نقدی اور موٹر سائیکلیں برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

ترجمان ضلع سینٹرل پولیس کے مطابق خواجہ اجمیر نگری کے علاقے رحمانیہ موڑ سیکٹر 3 نارتھ کراچی کے قریب مبینہ پولیس مقابلے کے دوران زخمی سمیت دو ملزم گرفتار کرلئے گئے۔

پولیس کے مطابق گرفتار زخمی ملزم کی شناخت رضوان ولد بلو شاہ جبکہ ساتھی کی شعیب عرف فراز کے ناموں سے کرلی گئی۔

ملزمان کے قبضے سے 30 بور پستول، 3 موبائل فونز اور ایک موٹر سائیکل برآمد ہوئی جو ابتدائی تفتیش کے مطابق سرجانی ٹاؤن کی حدود سے چھینی گئی تھی۔

ادھر سرسید پولیس نے نارتھ کراچی سیکٹر 11-C3  میں ایدھی سینٹر کے قریب مقابلے کے دوران سلمان احمد عرف بھورا ولد نعیم احمد نامی ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔

ملزم کے قبضے سے 30 بور پستول بمعہ لوڈ میگزین اور نقد رقم برآمد ہوئی جبکہ اس کا ایک ساتھی فرار ہوگیا۔

جبکہ شاہراہ نور جہاں کے علاقے میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران قاسم ولد نذر سید اور ابوبکر صدیق ولد فضل محمد خان نامی ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کئے گئے جبکہ ان کا ایک ساتھی موٹر سائیکل پر فرار ہوگیا۔

ملزمان کے قبضے سے 30 بور پستول، 5 زندہ راؤنڈز اور 2 موبائل فونز برآمد کیے گئے۔

ترجمان ضلع سینٹرل پولیس کے مطابق برآمد موبائل فونز اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں کے دوران چھینے گئے تھے۔

نیو کراچی پولیس نے سیکٹر 11-I میں ٹاؤن آفس کے قریب مقابلے کے دوران وسیم ولد عزیز اللہ اور عمران عرف منا ولد ولی محمد نامی ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کیا۔

پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضے سے 2 عدد 30 بور پستول، 5 زندہ راؤنڈز، موبائل فون، نقد رقم، بٹوہ، شناختی کارڈز اور دیگر کاغذات برآمد ہوئے۔

دوران تفتیش ملزمان نے عزیز آباد سمیت نیو کراچی کے مختلف علاقوں میں اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں کا انکشاف کیا۔

ضلع سی سینٹرل کے کی علاقے ایف بی انڈسٹریل ایریا پولیس نے لیاری ندی پل، سہراب گوٹھ شارع پاکستان بلاک 21 کے قریب مبینہ مقابلے میں زخمی سمیت دو ملزمان دھر لئے گئے۔

ان ملزمان کی شناخت عبدالہادی ولد محمد عثمان اور اصف ولد رحمان کے ناموں سے کی گئی ہے۔

پولیس کے مطابق ملزمان کا ایک ساتھی اسماعیل ولد نامعلوم موٹر سائیکل پر فرار ہوگیا گرفتار ملزمان کے قبضے سے اسلحہ و ایمونیشن برآمد کیا گیا۔

دوسری جانب ملیر ندی کے قریب کچرا کنڈی پر شرافی گوٹھ پولیس اور ملزمان کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں نور سلطان ولد نور افضل کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا جبکہ اس کا ساتھی فرار ہوگیا۔

پولیس نے ملزم کے قبضے سے پستول بمعہ گولیاں برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

ضلع سینٹرل سے گرفتار تمام ملزمان عباسی شہید اسپتال جبکہ ضلع ملیر سے گرفتار ایک ملزم کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا ہے ۔

ترجمان ساؤتھ پولیس کے مطابق ڈیفنس پولیس نے قیوم آباد شوکت خانم کے قریب مبینہ پولیس مقابلے کے بعد 2 ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا جبکہ ان کا ایک ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگیا۔

پولیس نے گرفتار ملزمان کے قبضے سے 2 عدد 30 بور پستول بمعہ ایمونیشن اور ایک موٹر سائیکل برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

پولیس کے مطابق ڈیفنس پولیس کی ٹیم قیوم آباد شوکت خانم کے قریب معمول کی گشت پر مامور تھی کہ موٹر سائیکل پر سوار مشتبہ افراد کو رکنے کا اشارہ کیا تاہم ملزمان نے پولیس کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کردی۔

پولیس کی جوابی فائرنگ کے نتیجے میں 2 ملزمان زخمی ہوگئے جنہیں گرفتار کرلیا گیا۔

گرفتار ملزمان کی شناخت ملک جہانگیر ولد محمد ظہور اور محمد سمیر ولد محمد حسین کے نام سے ہوئی ہے۔

پولیس کے مطابق زخمی ملزمان کے قبضے سے 2 عدد 30 بور پستول بمعہ ایمونیشن اور ایک موٹر سائیکل برآمد ہوئی۔ دونوں زخمی ملزمان کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے دوران ملزمان کا ایک ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھا کر فرار ہوگیا، جس کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

گرفتار ملزمان کا سابقہ کرمنل ریکارڈ بھی چیک کیا جا رہا ہے جبکہ واقعے کی مزید تفتیش اور قانونی کارروائی جاری ہے۔