بلوچستان کی معروف لوک گلوکارہ مائی صوبھائی قاتلانہ حملے میں جاں بحق

مائی صوبھائی کو ڈیرہ بگٹی قبیلے سے تعلق رکھنے والی پہلی خاتون گلوکارہ قرار دیا جاتا تھا


ویب ڈیسک September 03, 2026

بلوچستان سے تعلق رکھنے والی لوک گلوکارہ مائی صوبھائی کو ڈیرہ بگٹی میں مبینہ طور پر فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا۔

رپورٹس کے مطابق ڈیرہ بگٹی میں مسلح افراد نے مائی صوبھائی کو نشانہ بنایا اور ان پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں وہ جان کی بازی ہار گئیں۔

میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ مائی صوبھائی کو ان کی گلوکاری کے باعث بعض افراد کی جانب سے مخالفت کا سامنا تھا جبکہ ان کے قتل کے محرکات سے متعلق پولیس کی جانب سے تاحال حتمی تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔

پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ تاحال ملزمان کی شناخت، گرفتاری یا قتل کی حتمی وجہ کے حوالے سے کوئی باضابطہ رپورٹ سامنے نہیں آئی۔

واضح رہے کہ مائی صوبھائی مقامی لوک موسیقی سے وابستہ تھیں اور انہیں ڈیرہ بگٹی قبیلے سے تعلق رکھنے والی پہلی خاتون گلوکارہ قرار دیا جاتا تھا جنہوں نے اپنی آواز اور فن کے ذریعے مقامی موسیقی کو نمایاں کیا۔