پاکستان میں باکسنگ ٹیلنٹ کی کمی نہیں، حکومتی سپورٹ کی ضرورت ہے: عامر خان

پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق عالمی باکسنگ چیمپئن عامر خان نے بتایا کہ پاکستان میں باکسنگ ایونٹ کا انعقاد کیا جا رہا ہے


ذوالفقار بیگ September 03, 2026

سابق عالمی باکسنگ چیمپئن عامر خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں باکسنگ کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے ٹیلنٹ کی کمی نہیں، تاہم اس کھیل کے فروغ کے لیے حکومتی سرپرستی اور سپورٹ کی ضرورت ہے۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے عامر خان نے بتایا کہ پاکستان میں باکسنگ ایونٹ کا انعقاد کیا جا رہا ہے جو ہفتے کے روز ہوگا اور شائقین کے لیے اس میں داخلہ مفت ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ایونٹ میں برطانوی نژاد اور ڈینش نژاد پاکستانی باکسرز بھی شرکت کریں گے جبکہ خواتین باکسرز بھی فائٹس میں حصہ لیں گی۔

عامر خان کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں باکسنگ کے ایونٹس منعقد ہو رہے ہیں، بھارت میں بھی اس حوالے سے سرگرمیاں جاری ہیں لیکن پاکستان میں بھی باصلاحیت باکسرز کی کمی نہیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ لیاری بھی گئے جہاں باکسنگ کا بہت ٹیلنٹ موجود ہے، پاکستان کی آبادی بہت زیادہ ہے اور یہاں سے بڑی تعداد میں باصلاحیت باکسرز سامنے آسکتے ہیں۔

عامر خان نے بتایا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف نے بھی ملاقات کے دوران پاکستان میں باکسنگ کے فروغ کے حوالے سے بات کی تھی۔

سابق عالمی چیمپئن نے کہا کہ ان کی مکمل توجہ اس وقت پاکستان پر ہے اور وہ ملک میں باکسنگ کے فروغ کے لیے کام کرنا چاہتے ہیں۔