فٹبال ورلڈ کپ فاتح ٹیم اسپین کے کھلاڑی کا اچانک قومی ٹیم سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

انہوں نے ورلڈ کپ کی تصویر کے ساتھ اپنے پیغام میں کہا کہ میں قومی ٹیم کے ساتھ گزارے تمام لمحات کو ہمیشہ یاد رکھوں گا


ویب ڈیسک September 04, 2026

اسپین کی ورلڈ کپ فاتح ٹیم کے کھلاڑی مارکوس یورینتے نے 31 سال کی عمر میں قومی ٹیم سے ریٹائرمنٹ کا اچانک اعلان کردیا۔

مارکوس نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ طویل غور و فکر کے بعد میں نے قومی ٹیم کے ساتھ اپنا سفر ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مجھے معلوم ہے کہ میں اب بھی نوجوان ہوں اور اسپین کی جرسی میں اب بھی کئی سال کھیل سکتا ہوں، تاہم یہ میرا ذاتی فیصلہ ہے جس پر میں نے بہت سوچ سمجھ کر عمل کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں ورلڈ کپ کے لیے منتخب ہوتا یا نہیں ہوتا، یا اسپین ورلڈ کپ جیتتا یا نہیں جتتا، میں پہلے ہی قومی ٹیم سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کرچکا تھا۔

مارکوس نے اپنے بین الاقوامی کیریئر کا اختتام 27 میچز کھیلنے کے بعد کیا، گروپ مرحلے کے دو میچز میں بطورِ ابتدائی کھلاڑی شرکت کی جبکہ بعد میں فرانس کے خلاف سیمی فائنل میں بھی چند منٹ میدان میں آئے۔

انہوں نے ورلڈ کپ کی تصویر کے ساتھ اپنے پیغام میں کہا کہ میں قومی ٹیم کے ساتھ گزارے تمام لمحات کو ہمیشہ یاد رکھوں گا، بالخصوص گزشتہ 52 دن میرے کے لیے انتہائی خاص رہے، جب ایک شاندار ٹیم نے اسپین کو عالمی سطح پر سب سے بلند مقام تک پہنچانے کے لیے آخری دم تک جدوجہد کی۔

مارکوس نے اپنے فٹبال کیریئر کا آغاز ریال میڈرڈ سے کیا اور 2019 میں شہر کی دوسری ٹیم اٹلیٹیکو میڈرڈ کا حصہ بن گئے۔ کلب کی سطح پر ان کے اعزازات میں چیمپئنز لیگ کے دو ٹائٹلز اور ایک لا لیگا ٹائٹل شامل ہیں۔