وہ کونسی فلم تھی جسے عامر خان نے چھوڑا تو شاہ رخ نے فوراً جھپٹ لی

عامر کے بعد اسکرپٹ ہریتھک روشن اور پھر آر مادھون نے بھی آدیشن دیا تھا لیکن قرعہ فال شاہ رخ خان کے نام نکلا


ویب ڈیسک September 04, 2026
جس فلم کو عامر خان چھوڑیں، میں اس کا اسکرپٹ پڑھے بغیر ہاں کہہ دیتا ہوں، شاہ رخ خان

صلاحیت اور خوش قسمتی کے ساتھ ساتھ جو چیز کامیابی کی اصل ضمانت ہے وہ درست موقع پر صحیح فیصلہ کرنا ہے۔ فلمی دنیا بھی اس کلیے سے مستثنیٰ نہیں جہاں کسی فنکار نے ایک فلم چھوڑی تو دوسرے نے پکڑلی اور وہ بلاک بسٹر ثابت ہوئی۔

بالی ووڈ کے تینوں خانز کے درمیان بھی یہ کاںٹے کا مقابلہ جاری رہتا ہے۔ ایسا ہی ایک دل چسپ واقعہ اُس وقت پیش آٰیا تھا جب ماضی کی مقبول فلم ’سودیس‘ میں کاسٹنگ ہورہی تھی۔

فلم کے شریک مصنف امین حاجی نے حالیہ انٹرویو میں بتایا کہ ’سودیس‘ کا اسکرپٹ جس کا ابتدائی نام ’دیش‘ تھا، ہدایت کار آشوتوش گوواریکر نے پہلے عامر خان کے لیے تیار کیا تھا۔

عامر خان اس فلم میں مرکزی کردار ادا کرنے کے ساتھ اسے اپنے پروڈکشن ہاؤس کے ذریعے پروڈیوس بھی کرنے والے تھے تاہم وہ اسکرپٹ میں کچھ تبدیلیاں چاہتے تھے لیکن مصروفیات کے باعث مطلوبہ وقت نہ دے سکے۔

یوں عامر خان نے بالآخر اس فلم سے علیحدگی اختیار کرلی ان کے بعد ہریتھک روشن کو بھی اسکرپٹ سنایا گیا اور پھر تھری ایڈیٹس کے فرحان یعنی آر مادھون نے بھی کردار کے لیے آڈیشن دیا۔

شاہ رخ کی انٹری کیسے ہوئی؟

امین حاجی نے مزید بتایا کہ شاہ رخ خان نے ’لگان‘ دیکھنے کے لیے خصوصی اسکریننگ میں شرکت کی جہاں ان سے ملاقات سے ہوئی تھی۔ فلم دیکھنے کے بعد شاہ رخ نے فوراً آشوتوش گوواریکر کی اگلی فلم کا حصہ بننے کی خواہش ظاہر کی۔

اداکار شاہ رخ نے مبینہ طور پر کہا کہ وہ آشوتوش کی اگلی فلم میں ضرور ہونا چاہتے ہیں اور ’دیش‘ میں موہن بھارگو کا کردار ادا کرنا چاہتے ہیں۔

اس کے بعد شاہ رخ نے آشوتوش سے رابطہ کیا اسکرین ٹیسٹ دیا اور بالآخر وہ کردار ان کے نام ہوگیا۔

یوں 2004 میں ریلیز ہونے والی ’سودیس‘ شاہ رخ خان کے کیریئر کی ایک ایسی فلم بن گئی جس نے دیہی بھارت، سماجی مسائل، حب الوطنی اور عام آدمی کی زندگی کو منفرد انداز میں پیش کیا۔

امین حاجی نے یہ بھی بتایا کہ شاہ رخ نے ایک دلچسپ بات کہی تھی کہ جب بھی عامر خان کسی فلم سے الگ ہوتے ہیں تو وہ اسکرپٹ پڑھے بغیر بھی اسے کرنے کے لیے تیار ہوجاتے ہیں کیونکہ انہیں یقین ہوتا ہے کہ پروجیکٹ اچھا ہی ہوگا۔

واضح رہے کہ آشوتوش گوواریکر اور عامر خان کی جوڑی نے ’لگان‘ میں زبردست کامیابی حاصل کی تھی لیکن وقت کی کمی کے باعث مسٹر پرفیکشنسٹ سودیس راضی ہونے کے باوجود نہیں کرپائے تھے۔