’ہیری پوٹر‘ کے مداحوں کیلئے بڑا سرپرائز، نئی سیریز کے اہم کرداروں کی پہلی جھلک سامنے آگئی

’ہیری پوٹر اینڈ دی فلاسفرز اسٹون‘ کو فرانسسکا گارڈینر نے تحریر کیا ہے


ویب ڈیسک September 04, 2026

مشہور زمانہ ہیری پوٹرکی دنیا ایک بار پھر اسکرین پر واپسی کیلئے تیار ہے اور ایچ بی او نے اپنی نئی سیریز کے پہلے سیزن کی تازہ تصاویر جاری کر دی ہیں جن میں کئی اہم کرداروں کے نئے روپ سامنے آئے ہیں۔

’ہیری پوٹر اینڈ دی فلاسفرز اسٹون‘ کو فرانسسکا گارڈینر نے تحریر کیا ہے جبکہ مارک مائیلوڈ متعدد اقساط کی ہدایت کاری کریں گے اور یہ سیریز کرسمس 2026 پر ایچ بی او اور ایچ بی او میکس پر پیش کی جائے گی۔

جاری کردہ تصاویر میں معروف اداکار جان لتھگو کو ہاگ وارٹس کے ہیڈ ماسٹر البس ڈمبلڈور کے کردار میں دیکھا جا سکتا ہے جبکہ پاپا ایسیڈو پروفیسر سیورس اسنیپ اور جینیٹ میک ٹیر منروا میک گوناگل کے روپ میں نظر آرہی ہیں۔

تصاویر میں ہاگ وارٹس کی مشہور سورٹنگ تقریب کی جھلک بھی دکھائی گئی ہے جبکہ گریٹ ہال طلبہ سے بھرا ہوا اور نئے ڈیزائن کیے گئے ہاؤس بینرز سے سجا نظر آرہا ہے۔

سب سے زیادہ توجہ پروفیسر کوئرل کا کردار ادا کرنے والے لیوک تھیلن کی تصویر نے حاصل کی، جس میں وہ اپنی مخصوص پگڑی پہنے نظر آرہے ہیں۔ کہانی میں اسی پگڑی کے پیچھے لارڈ وولڈیمورٹ چھپا ہوتا ہے، یوں اسے نئی سیریز میں خطرناک جادوگر کی موجودگی کی پہلی جھلک قرار دیا جا رہا ہے۔

وولڈیمورٹ کا چہرہ اور کردار ادا کرنے والے اداکار کی شناخت تاحال ظاہر نہیں کی گئی۔