کراچی: ڈیفنس میں نوجوان پر انسانیت سوز تشدد، ڈی آئی جی کا نوٹس

ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا نے نوٹس لیا اورایس ایس پی ڈسٹرکٹ ساؤتھ کو انکوائری افسر مقرر کرتے ہوئے رپورٹ طلب کی ہے


منور خان September 04, 2026
فوٹو: فائل

کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز 8 میں نوجوان پر انسانیت سوز تشدد کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، جس میں نوجوان کو بیس بال کے بلے سے بے رحمی سے تشدد کا نشانہ بنایا گیا جبکہ پولیس حکام نے واقعے کا نوٹس لے لیا ہے۔

نوجوان پر تشدد کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جس میں ایک نوجوان نے لڑکے کو دبوچا ہوا ہے اور اپنے دیگر ساتھیوں کے ساتھ بیس بال کے بلے سے نہ صرف مارتا ہوا بلکہ نوجوان کے کندھے پر بیٹھ کر اس کے سر پر کہونی مارتے ہوئے بھی دکھائی دیا۔

مذکورہ واقعے میں تشدد کا نشانہ بننے والے نوجوان کا نام علی بتایا جا رہا ہے وہ ہاتھ جوڑ کر یہ کہتے ہوئے سنائی دے رہے ہیں کہ ابراہیم بھائی معاف کردو، ویڈیو میں تشدد کرنے والے نوجوان کے ہمراہ اس کے دیگر ساتھی بھی اس کی معاونت کرتے ہوئے دکھائی دیے، جس کے نتیجے میں تشدد کا شکار نوجوان کی ٹانگ بھی شدید متاثر بتائی جاتی ہے۔

ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا نے ڈیفنس فیز 8 میں نوجوان کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنانے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی ڈسٹرکٹ ساؤتھ کو انکوائری افسر مقرر کرتے ہوئے رپورٹ طلب کی ہے۔

انہوں نے ہدایت دی ہے کہ ویڈیو میں دکھائی دینے والوں کا فوری طور پر سراغ لگایا جائے، متاثرہ نوجوان سے رابطہ کر کے واقعے کی مزید معلومات حاصل کی جائیں اور فوری طور پر مقدمہ درج کر کے ملوث ملزمان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔

اس حوالے سے ایس ایچ او ساحل فاروق سنجرانی نے بتایا کہ واقعہ فیز 8 میں چند روز قبل پیش آنے کا بتایا جا رہا ہے تاہم ابھی تک متاثرہ نوجوان نے پولیس سے رابطہ نہیں کیا، پولیس ویڈیو کی مدد سے تشدد میں ملوث عناصر کو تلاش کر رہی ہے جنہیں جلد قانون کی گرفت میں لے لیا جائے گا۔