حکومت کی جانب سے مہنگی بجلی سے پریشان عوام کے لیے بری خبر دی گئی ہے اور نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے ملک بھر کے لیے ماہانہ اور سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی مہنگی کر دی ہے۔
نیپرا سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 2 روپے 6 پیسے فی یونٹ مہنگی اور سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں ملک بھر کے لیے بجلی 52 پیسے فی یونٹ مہنگی کر دی گئی ہے۔
نیپرا کی جانب سے ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی مہنگی کرنےکے لیے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق بجلی جولائی 2026 کی ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کی مد میں مہنگی کی گئی جس کا اطلاق کے-الیکٹرک صارفین پر بھی ہوگا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کے اضافےکا اطلاق ستمبر کے بلوں میں کیا جائے گا، جس سے جولائی کی ایڈجسٹمنت کا صارفین پر 33 ارب روپے سے زیادہ کا اصافی بوجھ منتقل ہوگا۔
نیپرا نے اپریل تاجون 2026 کی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کا فیصلہ وفاقی حکومت کو بھجوا دیا ہے، بجلی مہنگی کرنے کا اطلاق ستمبر سے نومبر 2026 کے 3 ماہ کے لیے ہوگا جس کا اطلاق کے-الیکٹرک صارفین پر بھی ہو گا۔
بجلی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں اضافے کے بعد صارفین پر 12 ارب67 کروڑ روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔