مسلسل دو ہیٹ ٹرکس کرنے والے انگلش بولر قومی ٹیم میں شامل

ڈربی شائر کے ان کیپڈ بیٹر اینیورین ڈونلڈ کو سری لنکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے


اسپورٹس ڈیسک September 05, 2026

انگلینڈ نے سری لنکا کے خلاف رواں ماہ ہونے والی ون ڈے سیریز کے لیے 24 سالہ ان کیپڈ فاسٹ بولر ہنری کروکومب کو اسکواڈ میں شامل کرلیا ہے۔

سسیکس کے بولر نے کاؤنٹی چیمپئن شپ میں مسلسل دو میچز میں ہیٹ ٹرک کرکے قومی ٹیم میں جگہ بنائی۔

کروکومب نے گزشتہ ہفتے سمرسیٹ کے خلاف تین گیندوں پر تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ آٹھ دن بعد ایسکس کے خلاف ایک مرتبہ پھر ہیٹ ٹرک مکمل کی۔

یہ سیزن کروکومب کے لیے شاندار ثابت ہوا ہے۔ وہ جون میں نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے لیے بھی مختصر وقت کے لیے انگلینڈ کے اسکواڈ میں شامل کیے گئے تھے۔

دوسری جانب ڈربی شائر کے ان کیپڈ بیٹر اینیورین ڈونلڈ کو سری لنکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے۔

29 سالہ ڈونلڈ نے ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ میں 12 میچز کے دوران 489 رنز بنائے۔

آل راؤنڈر جیکب بیتھل گھٹنے کی انجری سے صحت یاب ہو رہے ہیں جبکہ بین ڈکٹ ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں واپس آگئے ہیں۔

تین میچز پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز 15 ستمبر سے شروع ہوگی جبکہ پہلا ون ڈے 22 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔