فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے سیلز ٹیکس رولز 2006 میں مزید ترامیم کردیں

نئی ترمیم کے تحت غیر کلیئر یا غیر تصدیق شدہ رقم کو مزید چار مرتنہ جانچ سے گزارا جائے گا


ارشاد انصاری September 05, 2026
(فوٹو: فائل)

اسلام آباد:

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے غیر کلیئر یا غیر تصدیق شدہ رقم کی مزید چار بار جانچ کا فیصلہ کیا ہے جس کیلئے سیلز ٹیکس رولز 2006 میں مزید ترامیم کردی ہیں۔

 فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق سیلز ٹیکس ایکٹ 1990 کی دفعہ 50 کے تحت سیلز ٹیکس رولز میں ترامیم کی گئی ہیں۔

ترمیم کے تحت رول 29 کے ذیلی قاعدہ (2) میں یہ قرار دیا گیا ہے کہ ابتدائی جانچ سمیت آٹھ بار کی توثیقی جانچ کے بعد جو رقم کلیئر یا تصدیق شدہ نہ ہو اسے سسٹم کی جانب سے مزید چار توثیقی جانچ یا سائیکلز سے گزارا جائے گا، یہ اضافی جانچ ہر ہفتے ایک بار کی جائے گی۔

چار اضافی توثیقی جانچ یا سائیکلز مکمل ہونے کے بعد بھی اگر کوئی رقم کلیئر یا تصدیق شدہ نہ ہو تو اسے چیپٹر پانچ میں بیان کردہ ایس ٹی اے آر آر ماڈیول کے تحت پراسیس کیا جائے گا۔

 ایف بی آر نے رول 39 ایف کی دوسری پرووائزو میں بھی اسی نوعیت کی ترمیم کی ہے اس کے تحت ابتدائی جانچ سمیت آٹھ توثیقی جانچ کے بعد غیر کلیئر یا غیر تصدیق شدہ رقم کو سسٹم کی جانب سے ہر ہفتے ایک بار مزید چار توثیقی جانچ یا سائیکلز سے گزارا جائے گا۔

جبکہ ان چار اضافی جانچ یا سائیکلز کی تکمیل کے بعد بھی رقم کلیئر یا تصدیق شدہ نہ ہونے کی صورت میں اسے چیپٹر پانچ میں بیان کردہ ایس ٹی اے آر آر ماڈیول کے تحت پراسیس کیا جائے گا۔