پاکستان اور بھارت کے درمیان سہ فریقی یا چار ملکی سیریز کا امکان

اجلاس میں دو طرفہ ون ڈے یا ٹی20 سیریز کے مقابلے میں کثیر ملکی سیریز کی مالی اور تجارتی افادیت کا جائزہ لیا جائے گا


ویب ڈیسک September 05, 2026

پاکستان اور بھارت کے درمیان ایک بار پھر کرکٹ سیریز کے امکانات پیدا ہوگئے، انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) دونوں روایتی حریفوں کو شامل کرکے سہ فریقی یا چار ملکی سیریز کے انعقاد پر غور کر رہی ہے۔

ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کئی برس سے بھارت کے ساتھ سہ فریقی یا چار ملکی ٹورنامنٹ کی تجویز دیتا رہا ہے جس پر آئی سی سی کے آئندہ اجلاس میں دوبارہ غور متوقع ہے۔ آئی سی سی کا فیوچر ٹورز پروگرام (FTP) سیمینار 22 اور 23 ستمبر کو دبئی میں ہوگا جس میں 12 ٹیسٹ کھیلنے والے ممالک اور 8 ایسوسی ایٹ ارکان کے نمائندے شرکت کریں گے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں دو طرفہ ون ڈے یا ٹی20 سیریز کے مقابلے میں کثیر ملکی سیریز کی مالی اور تجارتی افادیت کا جائزہ لیا جائے گا۔ ممکنہ فارمیٹ میں پاکستان اور بھارت کے ساتھ ایک یا دو مزید ٹیمیں شامل کی جاسکتی ہیں۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان دو طرفہ سیریز گزشتہ ایک دہائی سے زائد عرصے سے نہیں ہوئی۔ دونوں ٹیمیں اس دوران صرف آئی سی سی اور ایشین کرکٹ کونسل کے کثیر ملکی ٹورنامنٹس میں آمنے سامنے آئی ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی حکومت کو کثیر ملکی ٹورنامنٹس میں پاکستان کے خلاف کھیلنے پر وہ اعتراض نہیں جو دو طرفہ سیریز پر ہے، تاہم کسی بھی کرکٹ رابطے کے لیے دونوں ممالک کی حکومتوں کی منظوری ضروری ہوگی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ تجویز آگے بڑھنے کی صورت میں پاکستان، بھارت سیریز کے لیے متحدہ عرب امارات، انگلینڈ یا آسٹریلیا جیسے غیر جانب دار مقامات زیر غور آسکتے ہیں۔