وائٹ ہاؤس کی ویب سائٹ پر 5 ریٹرو آرکیڈ گیم متعارف

صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کے مختلف پالیسی اقدامات اور سیاسی ترجیحات کو گیمز کی شکل میں دکھایا گیا ہے


ویب ڈیسک September 05, 2026

امریکی وائٹ ہاؤس کی ویب سائٹ نے جمعرات کو ’آرکیڈ‘ کے نام سے پانچ کم ریزولوشن ویڈیو گیمز کا مجموعہ پیش کر دیا جن میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کے مختلف پالیسی اقدامات اور سیاسی ترجیحات کو گیمز کی شکل میں دکھایا گیا ہے۔

ان گیمز میں ’بِلڈ دی وال‘ بھی شامل ہے، جو مقبول کلاسک گیم ٹیٹرِس سے مشابہ ہے۔ اس میں کھلاڑی کو سرحد کے تحفظ اور غیر قانونی آمد کو روکنے کے تصور کے تحت دیوار تعمیر کرنا ہوتی ہے۔

’ریو رَن‘ نامی گیم موبائل گیم اسنیک سے مشابہ ہے، جس میں ٹرمپ سے مشابہ ایک کردار دوڑتے ہوئے سرحد عبور کرنے کی کوشش کرنے والے افراد کے آئیکنز جمع کرتا ہے۔

اسی طرح ’سپلائی لائن‘ میں کھانے کی اشیا ایک اسمبلی لائن پر آگے بڑھتی ہیں اور کھلاڑی کو ان اشیا کو مسترد کرنا ہوتا ہے جو انتظامیہ کے ’میک امریکا ہیلتھی اگین‘ کے مقررہ معیار پر پوری نہیں اترتیں۔

دو دیگر گیمز امریکی دارالحکومت واشنگٹن کے آسمان پر مبنی ہیں۔ ’فلیپی بِل‘ میں ایک عقاب نیشنل مال کے اوپر ایک بل لے کر اڑتا ہے جبکہ ’ٹرمپ سیونگ ٹائکون‘ میں کھلاڑی کو فضا میں اڑتی ہوئی رقم جمع کرنا ہوتی ہے۔

اس آخری گیم کا مقصد بچوں کے لیے انتظامیہ کے ٹرمپ اکاؤنٹس بچت پروگرام کو اجاگر کرنا ہے، جس کے تحت ٹرمپ کی مدتِ صدارت کے دوران پیدا ہونے والے ہر بچے کے اکاؤنٹ میں ایک ہزار ڈالر فراہم کرنے کا منصوبہ شامل ہے۔

وائٹ ہاؤس کی جانب سے گیمز کا یہ مجموعہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کو سیاسی پیغام رسانی اور حکومتی پالیسیوں کو عوام تک پہنچانے کے نئے ذرائع کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے۔