واٹس ایپ کا اے آئی ایجنٹس چیٹ میں شیئر کرنے سے متعلق فیچر پر کام جاری

رپورٹس کے مطابق واٹس ایپ ایک اکاؤنٹ میں شامل کیے جانے والے اے آئی ایجنٹس کی تعداد محدود رکھے گا


ویب ڈیسک September 06, 2026

واٹس ایپ ایک نئے فیچر پر کام کر رہا ہے جس کے ذریعے صارفین تھرڈ پارٹی اے آئی ایجنٹس کو براہِ راست اپنی پرائیویٹ چیٹس میں شامل کر سکیں گے۔ یہ فیچر محدود تعداد میں اینڈرائیڈ بیٹا صارفین کے لیے آزمائشی طور پر پیش کیے جانے کی اطلاعات ہیں۔

رپورٹ کے مطابق صارفین کو اے آئی ایجنٹ سے بات کرنے کے لیے الگ ایپ یا ویب سائٹ کھولنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ ایجنٹ کو ایک مرتبہ سیٹ اپ کرنے کے بعد واٹس ایپ میں اسے عام کانٹیکٹ کی طرح استعمال کیا جا سکے گا۔

ممکنہ طور پر یہ آپشن واٹس ایپ کی سیٹنگز میں موجود ہوگا، جہاں صارف اے آئی ایجنٹ کا نام اور پروفائل تصویر منتخب کرنے کے ساتھ ایک اے پی آئی کی بھی تیار کر سکے گا۔ اس کو اس پلیٹ فارم میں استعمال کیا جا سکے گا جہاں متعلقہ ات آئی بوٹ ہوسٹ کیا گیا ہو۔

رپورٹس کے مطابق واٹس ایپ ایک اکاؤنٹ میں شامل کیے جانے والے اے آئی ایجنٹس کی تعداد محدود رکھے گا۔ اس طرح صارف نظری طور پر ایک شیڈولنگ بوٹ اور ایک کسٹمر سپورٹ بوٹ کو بیک وقت واٹس ایپ میں استعمال کر سکے گا، بغیر مختلف ایپس کے درمیان بار بار سوئچ کیے۔

پرائیویسی کے حوالے سے بتایا گیا کہ صارف کی جانب سے شامل کیے گئے اے آئی ایجنٹس کو اکاؤنٹ کے دوسرے حصوں سے الگ رکھا جائے گا۔ ایجنٹ صرف وہ گفتگو دیکھ سکے گا جو صارف اور اس کے درمیان ہوگی جبکہ دیگر چیٹس یا اکاؤنٹ کی معلومات تک اسے رسائی حاصل نہیں ہوگی۔

البتہ، ایک اہم بات یہ ہے کہ ان اے آئی بوٹس کے ساتھ ہونے والی چیٹس میں اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن دستیاب نہیں ہوگی۔ اس کی وجہ یہ بتائی گئی ہے کہ صارف اور اے آئی ایجنٹ کے درمیان رابطہ میٹا کی جانب سے چلائی جانے والی ایک سروس کے ذریعے قائم کیا جائے گا، جو ایجنٹ کو اس کے ڈویلپر سے منسلک کرے گی۔