حکومت صرف دلاسے دے رہی ہے، صومالیہ میں 4 ماہ سے یرغمال پاکستانیوں کے اہل خانہ کا مظاہرہ، بھوک ہڑتال کا عندیہ

ایک ماہ سے ہمارا کوئی رابطہ نہیں ہوا، آخری بار جب بات ہوئی تو بیمار تھے، صرف خطوط لکھنے سے کچھ نہیں ہوگا، احتجاج


صفدر رضوی September 05, 2026

صومالیہ میں 4 ماہ سے قزاقوں کے ہاتھوں یرغمال بنائے جانے والے پاکستانیوں کے اہل خانہ نے اپنے پیاروں کی بازیابی کیلیے فیلڈ مارشل اور وزیراعظم سے کردار ادا کرنے کی اپیل کرتے ہوئے مسلسل احتجاج اور جلد بھوک ہڑتال پر بیٹھنے کا عندیہ دے دیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق 4 ماہ سے صومالی قذاقوں کے ہاتھوں یرغمال 10 پاکستانیوں کے اہل خانہ نے کراچی کے علاقے نمائش چورنگی پر احتجاج کیا۔

احتجاج میں یرغمالیوں کے اہلخانہ معصوم بچوں سمیت ہاتھوں میں پلے کارڈ لے کر نمائش چورنگی پہنچے۔ یرغمالیوں کے اہلخانہ ہاتھوں میں اپنے پیاروں کی تصاویر اور پلے کارڈ اٹھائے ہوئے ہیں،

متاثرہ گھرانوں نے اپیل کی کہ وزیر اعظم شہباز شریف اور آرمی چیف ہمارے پیاروں کو صومالی قزاقوں کی قید سے ہمارے پیاروں کو جلد آزاد کرائیں۔

اہل خانہ نے کہا کہ حکومت سوائے دلاسے دینے کے علاوہ کچھ نہیں کررہی جبکہ گزشتہ ایک ماہ سے ہمارا اپنے پیاروں سے کوئی رابطہ نہیں ہوا، نہیں جانتے ہمارے پیارے اب کس حال میں ہیں۔

اہل خانہ نے کہا کہ ہم اپنے پیاروں کی بازیابی کیلیے اسلام آباد تک گئے، وزارت خارجہ کے افسران سے ملے لیکن کوئی نتیجہ نہیں ملا،  صرف خطوط لکھنے سے کچھ نہیں ہونے والا جبکہ اب ہم نے مسلسل احتجاج کا فیصلہ کیا ہے۔

مظاہرین نے اعلان کیا کہ جلد بھوک ہڑتال کی طرف جارہے ہیں اس کے علاوہ ہمارے پاس کوئی حل نہیں، جب ایک ماہ قبل جہاز کے یرغمالیوں سے بات ہوئی تھی تو اکثر بیمار تھے ، ہمیں اپنے پیاروں کی صحت و زندگی کے حوالے سے ہمیں شدید پریشانی لاحق ہے۔