ایرانی آئل ٹینکرز پر امریکی حملوں کو تہران نے جارحیت اور جنگی جرم قرار دے دیا

بیان میں کہا گیا کہ ایران اپنی خودمختاری اور قومی مفادات کے دفاع کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گا


ویب ڈیسک September 06, 2026

ایران کی وزارت خارجہ نے ایرانی تیل بردار جہازوں پر امریکی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے انہیں ’جارحیت‘ قرار دیا ہے۔

ایرانی وزارت خارجہ کے بیان کے مطابق امریکی کارروائیاں ایران کے خلاف جاری فوجی دباؤ، بحری ناکا بندی اور معاشی جنگ کا حصہ ہیں۔

تہران نے الزام عائد کیا کہ تجارتی جہازوں کو نشانہ بنانا اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی اور عالمی امن و سلامتی کے لیے خطرہ ہے۔

ایرانی وزارت خارجہ نے امریکی حملوں کو ’جنگی جرم‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ تجارتی بحری جہازوں پر حملوں سے بین الاقوامی بحری تجارت اور شپنگ کی سلامتی کو بھی خطرہ لاحق ہوگیا ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ ایران اپنی خودمختاری اور قومی مفادات کے دفاع کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گا۔

تہران نے امریکا کو خبردار کیا کہ خطے میں فوجی کارروائیوں، بحری ناکا بندی اور تجارتی جہازوں کو نشانہ بنانے کے نتائج کی ذمہ داری امریکا اور اس کے اتحادیوں پر عائد ہوگی۔

ایران کی وزارت خارجہ کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کے باعث خلیج اور آبنائے ہرمز میں تجارتی بحری آمدورفت کو شدید خدشات کا سامنا ہے۔