ایتھنز: یونان کے دارالحکومت ایتھنز میں جاری ایئرشو کے دوران یونانی فضائیہ کا ایف 4 فینٹم جنگی طیارہ گر کر تباہ ہوگیا۔
خبر ایجنسی کے مطابق حادثہ ایتھنز فلائنگ ویک کے دوران پیش آیا، جس کے بعد جائے حادثہ پر آگ بھڑک اٹھی اور ہزاروں تماشائیوں کے سامنے آسمان پر سیاہ دھویں کے بادل چھا گئے۔
یونانی فضائیہ کے ایک اہلکار نے طیارہ گرنے کی تصدیق کردی ہے، تاہم دو نشستوں والے طیارے میں سوار پائلٹس کے بارے میں فوری طور پر کوئی معلومات سامنے نہیں آئیں۔
آگ پر قابو پانے اور امدادی کارروائیوں کے لیے 11 پانی چھڑکنے والے طیاروں اور ہیلی کاپٹروں کے علاوہ 85 فائر فائٹرز نے حصہ لیا۔
رپورٹس کے مطابق حادثے میں ایئرشو دیکھنے والے کسی تماشائی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے مزید تحقیقات جاری ہیں۔