آزادکشمیر کے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے یومِ دفاع و شہدا کے موقع پرپاک فوج کے شہدا اور غازیوں کو خراجِ تحسین کیا۔ یوم دفاع پر عوام کا کہنا تھا کہ ہم وطن کی خاطر جانیں قربان کر کے آزادی اور سالمیت یقینی بنانے والے شہدا کو سلام پیش کرتے ہیں۔
لاہور سے چونڈہ تک دشمن کے سامنے جوانوں کی بہادری اور ثابت قدمی ہماری قومی تاریخ کا روشن باب ہے۔ عوام نے کہا کہ میجر راجہ عزیز بھٹی شہید اور ایم ایم عالم جیسے سپوتوں کی قربانی نئی نسل کےلئے جرات مندی کی مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ معرکہ حق نے بھی ثابت کر دیا کہ پاکستان اپنی خودمختاری اور دفاع کےلئے کسی دباؤ کے سامنے جھکنے والا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ یومِ دفاع و شہدا ہمیں قومی اتحاد اور ذمہ داری کا درس دیتا ہے جس کو مزید مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔
عوام نے کہا کہ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ دفاع، اجتماعی سلامتی اور علاقائی امن میں پاکستان کے اہم کردار کی علامت ہے۔آزاد کشمیر کے نوجوانوں نے پاکستان کی سلامتی، خودمختاری اور قومی اتحاد کو ہمیشہ مقدم رکھنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا ۔یوم دفاع و شہدا کے موقع پر پوری قوم نے شہدا کی عظیم قربانیوں کو کبھی فراموش نہ کرنے کا عہد کیا۔