تہران: ایران میں حکام نے ایک وائرل ویڈیو میں ممنوعہ اپوزیشن تنظیم کا پرچم لہرانے والے متعدد افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔
ایرانی سرکاری ٹی وی کے مطابق حالیہ دنوں سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیوز میں موٹر سائیکل سوار افراد کو خالی سڑکوں پر سفید اور سرخ رنگ کا پرچم لہراتے دیکھا گیا، جسے مجاہدین خلق تنظیم کا پرچم قرار دیا گیا ہے۔
سرکاری ٹی وی کے مطابق حکام نے ویڈیو میں نظر آنے والے ’تمام افراد‘ کی شناخت کرکے انہیں گرفتار کرلیا ہے۔ حکام نے گرفتار افراد کی تعداد نہیں بتائی، تاہم ان پر سے وابستہ ہونے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق یہ موٹر سائیکل قافلہ تہران کے مغرب میں واقع شہر کرج کے قریب سفر کررہا تھا، تاہم یہ واضح نہیں ہوسکا کہ ویڈیو کب ریکارڈ کی گئی تھی۔
تنظیم ایران میں 1979 کے اسلامی انقلاب کے بعد ممنوع قرار دی گئی تھی۔ تنظیم طویل عرصے سے بیرون ملک سے ایرانی حکومت کی تبدیلی کی حمایت کرتی رہی ہے، جبکہ تہران اس پر اسرائیل کے ساتھ تعاون کرنے کے الزامات بھی عائد کرتا رہا ہے۔
ایرانی حکام کی جانب سے یہ گرفتاریاں ایسے وقت میں سامنے آئی ہیں جب ملک امریکا اور اسرائیل کے ساتھ شدید فوجی کشیدگی کا سامنا کررہا ہے اور اندرونی سکیورٹی بھی حکومت کے لیے اہم معاملہ بنی ہوئی ہے۔