سخا کوٹ؛ ٹرک اور سوزوکی میں خوفناک تصادم، 2 افراد جاں بحق، 8 زخمی

ذرائع کے مطابق سوزوکی میں سوار تمام افراد ویٹرز تھے اور باجوڑ جا رہے تھے


ایکسپریس نیوز September 06, 2026

سخاکوٹ میں ٹرک اور مسافر سوزوکی کے درمیان تصادم کے نتیجے میں دو نوجوان جاں بحق جبکہ 8 افراد شدید زخمی ہوگئے۔

ریسکیو1122 ذرائع کے مطابق حادثہ علی الصبح اس وقت پیش آیا جب باجوڑ جانے والی مسافر سوزوکی کو تیز رفتار ٹرک نے ٹکر مار دی، حادثے میں جلالہ سے تعلق رکھنے والے نوجوان شایان اور احتشام موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے، جبکہ 8 افراد زخمی ہوگئے جن کی عمریں تقریباً 20 سے 23 سال کے درمیان بتائی جاتی ہیں۔

اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو فوری طور پر تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال درگئی منتقل کر دیا، جہاں بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

ذرائع کے مطابق سوزوکی میں سوار تمام افراد ویٹرز تھے اور باجوڑ جا رہے تھے۔

لیویز حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا، تاہم واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے مزید تفتیش جاری ہے۔

اس افسوسناک حادثے پر علاقے میں سوگ کی فضا قائم ہوگئی ہے، جبکہ شہری حلقوں نے ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل درآمد اور تیز رفتاری کے خلاف مؤثر اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔