صلح کی کوشش اور معاملہ ختم کرنے کیلئے بلیک میل کیا گیا، مومنہ اقبال

مومنہ اقبال نے واضح کیا کہ وہ ثاقب چدھڑ کے ساتھ کسی تعلق میں نہیں تھیں اور کہا کہ ’انکار کا مطلب انکار ہی ہوتا ہے


ویب ڈیسک September 07, 2026

پاکستانی اداکارہ مومنہ اقبال نے سابق مسلم لیگ (ن) ایم پی اے ثاقب چدھڑ کے خلاف جاری تنازع کے دوران ایک بار پھر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے ان کے خاندان میں خواتین کے ساتھ مبینہ رویے سے متعلق دعوے کیے ہیں۔

حال ہی میں ریحان طارق کے پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے مومنہ اقبال نے کہا کہ انہوں نے ہراسانی، بلیک میلنگ، سائبر بلنگ اور جان سے مارنے کی دھمکیوں سے متعلق مقدمہ درج کروایا تھا مگر اصل الزامات کے بجائے عدالت میں ان کے مبینہ ذاتی تعلق سے متعلق معاملات اٹھائے گئے۔

اداکارہ نے دعویٰ کیا کہ ثاقب چدھڑ کے خاندانی ماحول میں خواتین کے ساتھ تشدد معمول سمجھا جاتا ہے۔ خواتین کو بیلٹ سے مارنے، بال نوچنے اور دیوار سے ٹکرانے جیسے رویوں کی وجہ سے خواتین کے بارے میں مخصوص ذہنیت پروان چڑھتی ہے۔

مومنہ اقبال نے واضح کیا کہ وہ ثاقب چدھڑ کے ساتھ کسی تعلق میں نہیں تھیں اور کہا کہ ’انکار کا مطلب انکار ہی ہوتا ہے، چاہے کوئی لڑکی نکاح سے ایک دن پہلے ہی کیوں نہ پیچھے ہٹ جائے۔‘

انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ وہ گزشتہ چار سال سے ذہنی صدمے کا سامنا کر رہی ہیں۔

مومنہ اقبال نے پوڈکاسٹ میں یہ بھی کہا کہ ثاقب چدھڑ کی سیاسی مہم شروع ہونے کے وقت انہوں نے ان کی شخصیت اور ظاہری انداز کو بہتر بنانے میں مدد کی، ان کے فوٹو شوٹس کروائے اور گرومنگ میں بھی معاونت کی۔

اداکارہ کے مطابق انتخابات کے دوران ثاقب چدھڑ سے متعلق مبینہ کڈنی اسکینڈل سامنے آنے کے بعد ان کے والد نے دونوں کے درمیان تعلق ختم کر دیا، جس کے بعد حالات خراب ہوتے چلے گئے۔

مومنہ نے یہ بھی الزام عائد کیا کہ بعدازاں انہیں دھمکیاں دی گئیں اور وہ اس معاملے سے نکل کر اپنی زندگی میں آگے بڑھنا چاہتی تھیں۔