اسلام آباد:
انسداد دہشتگردی عدالت اسلام آباد نے کشمیر سے متعلق مظاہرے کے خلاف درج مقدمے میں سابق سینیٹر مشتاق سمیت 96 ملزمان کی ضمانت بعد از گرفتاری منظور کر لی۔
پولیس کی جانب سے گرفتار 96 ملزمان کی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت ہوئی۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے کیس پر سماعت کی۔ سرکاری وکیل راجا نوید حسین کیانی عدالت میں پیش ہوئے جبکہ ملزمان کی جانب سے سردار مصروف، زاہد بشیر ڈار اور آمنہ علی عدالت میں پیش ہوئے۔
عدالت نے 5، 5 ہزار روپے کے مچلکوں کی عوض ضمانت کی درخواستیں منظور کیں۔ سابق سینیٹر مشتاق احمد خان، رضی طاہر و دیگر کی ضمانت کی درخواستیں منظور کی گئیں۔
جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے ریمارکس دیے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں کیا بنا ہے، میں انتظار کر رہا تھا، دیر سے مت آیا کریں۔
پولیس کی جانب سے تھانہ شالیمار میں دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ اسلام آباد کے سیکٹر ایف 10 میں کشمیر کے حوالے سے مظاہرہ کیا گیا تھا۔