کوئٹہ سول اسپتال میں جڑواں بچوں کی پیدائش کے بعد 1 نومولود مبینہ طور پر غائب

والد کے مطابق الٹراساؤنڈ میں ساری حقیقت موجود ہے، اسپتال انتظامیہ نے تحقیقات کیلیے کمیٹی تشکیل دے دی


اسٹاف رپورٹر September 07, 2026

کوئٹہ کے سول اسپتال کوئٹہ کے گائنی وارڈ میں زچگی کے دوران جڑواں بچوں کی پیدائش کے بعد ایک نومولود کے مبینہ طور پر غائب ہونے کا معاملہ سامنے آگیا۔

بچے کے والد شہزاد کے مطابق الٹرا ساؤنڈ رپورٹ اور اسپتال کے ریکارڈ میں جڑواں بچوں کی پیدائش کا اندراج موجود ہے، تاہم انہیں صرف ایک نومولود حوالے کیا گیا جبکہ دوسرے بچے کے بارے میں اسپتال انتظامیہ یا ڈاکٹرز کی جانب سے تاحال کوئی واضح معلومات فراہم نہیں کی جا رہیں۔

شہزاد کا کہنا تھا کہ وہ اپنے دوسرے بچے کے حوالے سے شدید پریشان ہیں اور اسپتال انتظامیہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ نومولود کے بارے میں فوری طور پر حقائق سامنے لائے جائیں اور بچے کا سراغ لگایا جائےْ

دوسری جانب سول اسپتال کوئٹہ کے ایم ایس ڈاکٹر عبدالہادی کاکڑ کے مطابق معاملے کی تحقیقات کے لیے باقاعدہ تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی گئی، کمیٹی واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لے گی اور تحقیقات مکمل ہونے کے بعد حقائق سے آگاہ کیا جائے گا۔