کراچی:
شہر قائد میں شرافی تھانے کی حدود شاہ فیصل سے کورنگی جانیوالے فلائی اوور پر ڈاکوؤں نے ناکہ لگا کر بڑی تعداد میں شہریوں کو لوٹ لیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق نصف درجن سے زائد مسلح ڈاکو فلائی اوور پر موجود رہے اور متعدد شہریوں سے موبائل فون، نقدی اور دیگر قیمتی سامان چھین لیا۔
واردات کے دوران شہریوں کی بڑی تعداد فلائی اوور پر جمع ہوگئی اور انہوں نے دیگر لوگوں کو آگے جانے سے روکنا شروع کردیا۔
اطلاع ملنے پر پولیس اہلکار موقع پر پہنچے جنہوں نے ہوائی فائرنگ کی جس کے بعد ڈاکو فرار ہوگئے۔
متاثرہ شہریوں کا کہنا ہے کہ شاہ فیصل کالونی فلائی اوور پر اس نوعیت کی وارداتیں پہلی مرتبہ نہیں ہوئیں۔
فلائی اوور پر پولیس چوکی تو قائم ہے تاہم شہریوں کے مطابق وہاں اکثر پولیس اہلکار موجود نہیں ہوتے۔
شہریوں نے الزام عائد کیا کہ اکثر واردات سے قبل فلائی اوور کی اسٹریٹ لائٹس بند ہوجاتی ہیں، جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ڈاکو شہریوں کو نشانہ بناتے ہیں۔
متاثرہ افراد کے مطابق واردات کے بعد ملزمان فلائی اوور کے نیچے ندی کے راستے فرار ہوجاتے ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ شرافی گوٹھ تھانے میں متعدد تھانیداروں کی تبدیلی کی ایک بڑی وجہ بھی فلائی اوور پر ہونے والی مسلسل وارداتیں رہی ہیں تاہم پولیس اب تک ان وارداتوں کو روکنے میں ناکام دکھائی دیتی ہے۔